پاکستان کا مقامی سطح پر تیار کردہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے پہلے میزائل 'فاز' کا کامیاب تجربہ
شیئر کریں
میزائل طویل فاصلے تک اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، آئی ایس پی آر
پاکستان نے پہلے مقامی ساختہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے ”فاز ”میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فضا سے فضا میں مار کرنے والا فاز میزائل ملک میں تیار کیا گیا ہے جو جدید ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فعاز میزائل طویل فاصلے تک دشمن کے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ میزائل قومی ائیرو اسپیس اور دفاعی صلاحیتوں کی ترقی میں ایک اور اہم سنگ میل ہے، فاز میزائل پاک فضائیہ کی آپریشنل لچک میں نمایاں اضافہ کرے گا اور ملک کی مجموعی دفاعی پوزیشن کو مزید مضبوط بنائے گا، یہ کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی پختگی،جدت اورخودانحصاری کو اجاگرکرتاہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تجربے کامشاہدہ پاکستان کی مسلح افواج کے سینئرافسران کیساتھ ممتاز سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔ صدر مملکت، وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور سروسز چیفس نے میزائل کی تیاری میں شامل سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی ہے۔ اس موقع پر میزائل کی تیاری اور کامیاب تجربے میں کلیدی کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں اور انجینئرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، محنت اور کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔


