پی ٹی آئی کی لانگ مارچ ملتوی کرنے کی تجویز، اچکزئی کا صاف انکار
شیئر کریں
27ستمبر کا مارچ موخر نہیں ہوگا اپنے موقف پر قائم ہیں، اپوزیشن لیڈر، پی ٹی آئی قیادت کی اچکزئی کو منانے کی کوششیں جاری
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پی ٹی آئی قیادت نے اپوزیشن لیڈرمحمود خان اچکزئی کو لانگ مارچ اکتوبر تک ملتوی کرنے کی تجویز پیش کردی تاہم اچکزئی نے ملتوی کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موقف پر قائم ہیں مارچ ملتوی نہیں ہوگا۔
نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی قیادت نے قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی سے رابطہ کیا اور پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پیش کی گئی تجویز سے انہیں آگاہ کیا جس میں مارچ ملتوی کرنے کا کہا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محمود اچکزئی نے لانگ مارچ موخر کرنے کا اعلان کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ 27ستمبر کو ملک گیر تحریک شروع کرنے کے موقف پر قائم ہوں۔
اچکزئی نے کہا ہے کہ 27ستمبر کا مارچ موخر نہیں ہوگا، کے پی سمیت دیگر صوبوں میں تحریک شروع ہوگی اور تحریک آہستہ آہستہ اسلام آباد کی جانب بڑھے گی۔
ذرائع کے مطابق لانگ مارچ موخر کرنے پر پی ٹی آئی قیادت اور محمود اچکزئی میں اختلاف برقرار ہے اور انہیں منانے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ لانگ مارچ کی نئی تاریخ پر پی ٹی آئی کی اپوزیشن لیڈران سے مشاورت تاحال جاری ہے۔


