فیک نیوز نہیں چلے گی، سندھ حکومت کا محکمہ اطلاعات کو مؤثر مانیٹرنگ کا حکم
شیئر کریں
شرجیل میمن کی زیرصدارت اجلاس، فیک نیوز کی نشاندہی اور تدارک کیلئے این سی سی آئی اے سے معاونت لینے کا فیصلہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سندھ حکومت نے فیک نیوز اور گمراہ کن اطلاعات کی روک تھام کیلئے محکمہ اطلاعات میں مؤثر مانیٹرنگ نظام وضع کرنے اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے معاونت لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرصدارت محکمہ اطلاعات کے اہم اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات کاشف گلزار شیخ، ڈی جی اطلاعات معز پیرزادہ اور تمام ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ مین اسٹریم اور سوشل میڈیا پر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے فیک نیوز کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے اور جھوٹی و گمراہ کن اطلاعات کی بروقت نشاندہی، تصدیق اور تدارک کیلئے مؤثر نظام وضع کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جھوٹی اور گمراہ کن اطلاعات کے ذریعے کسی بھی شخص یا ادارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔ فیک نیوز بنانے اور پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے این سی سی آئی اے سے معاونت حاصل کی جائے۔
سینئر وزیر نے محکمہ اطلاعات اور این سی سی آئی اے کے درمیان تعاون مزید بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فیک نیوز کی روک تھام کیلئے تمام دستیاب ذرائع اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا بیانیہ امن، رواداری، بین الصوبائی ہم آہنگی اور قومی اتحاد پر مبنی ہے، اسے مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کیلئے اضافی اقدامات کیے جائیں۔
شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ محکمہ اطلاعات سندھ حکومت کے مثبت اور تعمیری اقدامات کو اجاگر کرنے کیلئے جدید ذرائع ابلاغ سے استفادہ کرے اور تمام طبقات کے نمائندوں کو حکومت کے بیانیے کا حصہ بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات فیک نیوز کی مانیٹرنگ کے ساتھ سندھ حکومت کے مثبت بیانیے کی مؤثر ترویج پر بھی توجہ دے۔


