آپ کے مسائل اور اُن کا حل
شیئر کریں
مفتی محمد وقاص رفیع
دورانِ عدت بیوی کی بھانجی سے نکاح کرنا جائز نہیں!:
سوال : ایک شخص نے اپنی بیوی کو دو طلاقیں دے دیں، ایک طلاق زبان سے بول کر دی اور دوسری لکھ کر دی ہے ، اور اُس کے دوسرے دن اسی بیوی کی بھانجی سے نکاح کرلیا ہے ، تو سوال یہ ہے کہ بیوی کی بھانجی سے اب اس کا نکاح شرعاً ہوگیا ہے یا نہیں؟ سائلہ: اہلیہ عتیق الرحمن (فتح جنگ)
جواب: عدت کے دوران اپنی طلاق یافتہ بیوی کی بھانجی کے ساتھ نکاح کرنا شرعاً ناجائز ہے۔لہٰذا مذکورہ نکاح منعقد نہیں ہوا، دونوں میاں بیوی میں علیحدگی کرادی جائے، البتہ بیوی کی عدت گزرجانے کے بعد اس کی بھانجی سے نکاح کرنا جائز ہے۔ (شامی۔ عالمگیری، بدائع الصنائع)
دو کے بجائے تین سجدے کردیئے تو ایسی نماز کا حکم کیا ہوگا؟ :
سوال: اگر امام نماز میں تین سجدے کرلے اور اُس کو نماز کے بعد بتایا بھی جائے کہ آپ نے تین سجدے کیے ہیں لیکن پھر بھی اُس نے دوبارہ نماز نہیں پڑھائی تو کیا ایسی نماز ہوجائے گی؟ سائل: بدر نوناری (جیکب آباد سندھ)
جواب:دو سجدوں کے بجائے تین سجدے کرنے پر سجدۂ سہو واجب ہوجاتا ہے، لیکن امام صاحب نے سجدۂ سہو بھی نہیں کیا تو یہ نماز مکروہِ تحریمی ہوگئی، لہٰذا ایسی نماز واجب الاعادہ ہے اور اس کا لوٹانا واجب ہے۔ (فتاویٰ شامی)
عورت کا اپنے بدن کے غیر ضروری بال صاف کرنے کے لئے ریزر استعمال کرنا:
سوال: کیا عورت اپنے بدن کے غیر ضروری بال استرے سے صاف کرسکتی ہے؟ سائلہ: گل فرین (انگلینڈ)
جواب: اسلام میں عورت کا اپنے بدن کے غیر ضروری بال صاف کرنے کے لئے لوہے کے اوزار استعمال کرنے کو ناپسندیدہ تو کہا گیا ہے، لیکن گناہ نہیں کہا گیا، اِس لئے عورت کو اپنے بدن کے غیر ضروری بال دور کرنے کے لئے ریزر کے بجائے چونا، پاؤڈر اور صابن استعمال کرنا زیادہ اچھا اور شریعت کے مزاج کے عین مطابق ہے۔ (فتاویٰ عالمگیری)
نمازِ جنازہ کے دوران شامل ہونے والانماز کس طرح پوری کرے؟
سوال: نمازِ جنازہ شروع ہوگئی، ایک آدمی دوسری یا تیسری یا چوتھی تکبیر میں نمازِ جنازہ میں شامل ہوتا ہے تو وہ جنازہ کی نماز کس طرح مکمل کرے گا؟ سائل: مولانا عبد الوارث (راولپنڈی)
جواب: ایسے شخص کو چاہیے کہ جتنی تکبیریں اُس کی رہ گئی ہیں اگر امام کے ساتھ شامل ہے تو جو دعاء و ثنا پڑھ سکتا ہے پڑھ لے، اور امام کے سلام پھیرنے اور جنازہ کے اُٹھائے جانے سے پہلے صرف اتنی تکبیریں کہہ کر سلام پھیر دے ۔ اُس کی نماز ہوجائے گی۔
نمازِ جنازہ کے آخر میں ہاتھ کب چھوڑے جائیں؟:
سوال: نمازِ جنازہ کے آخر میں سلام پھیرتے وقت اکثر لوگوں کو دیکھا ہے کہ یا تو پہلا سلام پھیرتے وقت ہی دونوں ہاتھ چھوڑدیتے ہیں، یا دائیں طرف سلام پھیرتے ہوئے دایاں ہاتھ اور بائیں طرف سلام پھیرتے ہوئے بایاں چھوڑ دیتے ہیں، جب کہ ہم تو عام نمازوں کی طرح دونوں طرف سلام پھیرلینے کے بعد ہاتھ چھوڑت ہیں، تو پوچھنا یہ ہے کہ نمازِ جنازہ کے آخر میں ہاتھ کب چھوڑنا صحیح ہے؟ سائل: مولانارضوان اللہ (لکی مروت)
جواب: نمازِ جنازہ کے آخر میں پہلے سلام پر ہی دونوں ہاتھ چھوڑنا، یا دائیں طرف سلام پھیرتے وقت دایاں ہاتھ اور بائیں طرف سلام پھیرتے وقت بایاں ہاتھ، یا دونوں سلام دائیں اور بائیں طرف پھیر کر دونوں ہاتھ چھوڑنا تینوں طرح درُست ہے۔
قرآنی آیات والے صفحات کو بغیر وضو کے ہاتھ لگانا:
سوال: اکثر ایسے ہوتا ہے کہ دینی کتب و رسائل اور اخبار کے مطالعہ کے دوران قرآن مجید کی آیات جگہ جگہ لکھی دکھائی دیتی ہیں ، جب کہ لوگوں کی اکثریت وضو سے نہیں ہوتی تو ایسی دینی و مذہبی کتب و رسائل اور اخبارات جن میں قرآنی آیات لکھی ہوں اُن کو بلا وضو چھونا کیسا ہے؟ سائلہ:اقرأ ناز (سرگودھا)
جواب: جن کتب و رسائل اور اخبارات میں قرآنی آیات درج ہوں اُن کو بغیر وضو کے ہاتھ لگانا جائز ہے، البتہ اتنا خیال رہے کہ آیات والی جگہ پر ہاتھ نہیں لگنا چاہیے۔
دفتری اوقات میں ذکر و تلاوت کرنا:
سوال: میں ایک سرکاری ادارے میں کام کرتا ہوں جہاں کبھی تو بہت تو بہت زیادہ کام ہوتا ہے اور کبھی بالکل نہیں ہوتا، تو سوال یہ ہے کہ دورانِ ملازمت جب کام بالکل نہ ہو تو اُس وقت میں اپنی انفرادی عبادت نماز، تلاوت اور ذکر وغیرہ کرسکتا ہوں؟ سائل: حاجی نور الاسلام (بورے والا)
جواب: جی ہاں! دورانِ ملازمت فارغ وقت میں آپ اپنی انفرادی عبادت نماز، تلاوت اور ذکر وغیرہ ادا کرسکتے ہیں، بشرطے کہ ادارے والوں کو بھی اِس پر کوئی اشکال نہ ہو۔
جوتے پہن کر نمازِ جنازہ ادا کرنے کا حکم:
سوال: نمازِ جنازہ پڑھتے وقت دیکھا گیا ہے کہ بعض لوگ اپنے جوتے پاؤں سے نہیں نکالتے اور جوتے پہن کر نمازِ جنازہ پڑھ لیتے ہیں، تو کیا جوتے پہن کر نمازِ جنازہ پڑھنے سے جنازہ کی نماز ادا ہوجاتی ہے؟ سائل: ولی اللہ شاہ (حسن ابدال)
جواب: جو لوگ جوتے پہن کر یا جوتوں کے اوپر پاؤں رکھ کر نمازِ جنازہ ادا کرتے ہیں اُن کی جنازہ کے صحیح ہونے کی شرط یہ ہے کہ اُن کے جوتے پاک ہونے چاہئیں ورنہ نمازِ جنازہ ادا نہیں ہوگی۔ (البحر الرائق: 2/179)
عمرہ کرلینے سے حج فرض نہیں ہوتا!
سوال: ہم چند دوست آپس میں گپ شپ لگارہے تھے کہ اسی دوران یہ بحث چل پڑی کہ عمرہ کرنے سے حج فرض ہوجاتا ہے، لیکن مجھے اِس بارے میں خاصی تشویش کا سامنا ہے، اِس لئے برائے مہربانی صحیح مسئلہ سے ہمیں مطلع فرماکر عند اللہ ماجور ہوں۔ سائل: عبد العزیز مرجانی(ڈھرنال ضلع اٹک)
جواب: حج فرض ہونے کی شرائط اِس سے علیحدہ ہیں۔عمرہ کرلینے سے حج فرض نہیں ہوتا۔
٭٭٭


