سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز میں ریکروٹمنٹ رولز 2026 نافذ کرنے کا فیصلہ
شیئر کریں
وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز سندھ کی زیر صدارت صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز کا اجلاس
آئی ٹی ماہرین کی فوری بھرتیاں، فارنزک آڈٹ اور فائر سیفٹی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت،
محمد اسماعیل راہو کا، چیئرمینز کو سالانہ امتحانات کے بروقت نتائج پر تحسینی اسناد دینے کا اعلان
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز سندھ محمد اسماعیل راہو کی زیر صدارت صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز کا اہم اجلاس ہوا، جس میں بورڈز کی مجموعی کارکردگی، انتظامی اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن، امتحانی نظام اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکریٹری جامعات و بورڈز غلام عباس بلوچ، چیئرمینز تعلیمی بورڈز فقیر محمد لاکھو، مشرف علی، خالد حسین مہر، زاہد علی چنڑ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں سالانہ امتحانات 2026ء کے بروقت اور شفاف انعقاد اور مقررہ مدت میں نتائج کے اعلان پر تمام چیئرمینز کو تحسینی اسناد دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی کابینہ کی جانب سے مئی 2026ء میں منظور کیے گئے نئے ریکروٹمنٹ رولز 2026ء تمام تعلیمی بورڈز میں نافذ کرنے کی منظوری دی گئی، جبکہ ان رولز کا باقاعدہ نوٹیفکیشن سرکاری گزٹ میں شائع کیا جائے گا۔
وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے لیے بھی الگ ریکروٹمنٹ رولز کو جلد حتمی شکل دی جائے گی تاکہ بھرتیوں کا عمل واضح قواعد و ضوابط کے تحت مکمل کیا جا سکے۔اجلاس میں تعلیمی بورڈز میں ایـمارکنگ، او ایم آر پر مبنی امتحانی نظام اور ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے آئی ٹی ماہرین کی فوری بھرتیوں کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔
وزیر نے بتایا کہ تمام بورڈز میں ڈائریکٹر آئی ٹی، ویب سائٹ ڈویلپر، سینئر ڈویلپر، سسٹم و نیٹ ورک سیکیورٹی ایڈمنسٹریٹرز سمیت دیگر ضروری تکنیکی ماہرین بھرتی کیے جائیں گے۔محمد اسماعیل راہو نے تمام چیئرمینز کو ہدایت کی کہ بورڈز کے ملازمین کی سینیارٹی فہرستیں فوری طور پر تیار کرکے حتمی منظوری کے لیے محکمہ جامعات و بورڈز کو ارسال کی جائیں۔اجلاس میں تمام تعلیمی بورڈز کے فارنزک آڈٹ کے معاملے پر بھی تفصیلی غور کیا گیا اور قانونی و ضابطہ کار کے مطابق اس عمل کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز نے تعلیمی بورڈز میں فائر سیفٹی کے مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ بورڈز کی عمارتوں میں فائر سیفٹی آلات کی دستیابی، فعالیت اور ہنگامی اخراج کے راستوں کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ اجلاس میں کیے گئے تمام فیصلوں پر مقررہ مدت کے اندر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور تمام تعلیمی بورڈز محکمہ جامعات و بورڈز کے ساتھ مکمل ہم آہنگی برقرار رکھتے ہوئے اصلاحاتی اقدامات آگے بڑھائیں۔محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ تعلیمی بورڈز میں انتظامی شفافیت، جدید ٹیکنالوجی کا فروغ، امتحانی نظام میں بہتری اور طلبہ کو بروقت نتائج کی فراہمی حکومت سندھ کی ترجیحات میں شامل ہے۔


