سندھ بلڈنگ، شمسی سوسائٹی میں کمرشل تعمیرات ، رہائشی ماحول تباہ
شیئر کریں
بلاک D، پلاٹ نمبر 8اور 29پر خلافِ ضابطہ تعمیرات جاری، قواعد وضوابط پامال
ڈپٹی ڈائریکٹر خاور حیات ، بلڈنگ انسپکٹر عمران رمضان آرائیں الزامات کے نرغے میں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ضلع کورنگی، شاہ فیصل ٹاؤن میں واقع شمسی سوسائٹی میں رہائشی پلاٹوں پر کمرشل یونٹس کی تعمیر کا سلسلہ مبینہ طور پر جاری ہے ،جس کے باعث علاقے کے رہائشی تشخص اور شہری سہولیات کے متاثر ہونے پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
جرأت سروے کے دوران بلاک Dکے پلاٹ نمبر 8اور 29پر خلافِ ضابطہ تعمیرات جاری ہونے کی نشاندہی ہوئی ہے ۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ رہائشی مقاصد کے لیے مختص پلاٹوں پر کمرشل یونٹس کی تعمیر سے علاقے کا بنیادی کردار تبدیل ہو رہا ہے ، جبکہ متعلقہ بلڈنگ افسران کی موجودگی میں ایسی تعمیرات کا جاری رہنا تشویش ناک امر ہے۔
ذرائع اور علاقہ مکینوں کے مطابق شمسی سوسائٹی میں بعض رہائشی پلاٹوں پر کمرشل نوعیت کی تعمیرات کے حوالے سے متعلقہ اداروں کی نگرانی اور کارروائی پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
مکینوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر خاور حیات اور بلڈنگ انسپکٹر عمران رمضان آرائیں پر تعمیراتی ٹھیکیداروں کو مبینہ طور پر چھوٹ دینے کے الزامات عائد کیے ہیں۔ تاہم ان الزامات کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی اور متعلقہ افسران کا مؤقف سامنے آنا باقی ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ملکی محصولات سے بھاری تنخواہیں اور دیگر مراعات حاصل کرنے والے بلڈنگ افسران کی بنیادی ذمہ داری قوانین و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔ ایسے میں ان کی موجودگی میں رہائشی پلاٹوں پر کمرشل یونٹس کی تعمیر جاری رہنے سے نگرانی کے نظام کی شفافیت اور مؤثریت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شمسی سوسائٹی کے رہائشی پلاٹوں پر جاری کمرشل تعمیرات کی قانونی حیثیت کی مکمل جانچ، متعلقہ منظوریوں اور نقشوں کی پڑتال اور ذمہ دار افسران و تعمیراتی فریقین کے کردار کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر تعمیرات خلافِ ضابطہ ثابت ہوں تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے تاکہ شمسی سوسائٹی کا رہائشی تشخص برقرار رکھا جا سکے ۔


