میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
امریکی افواج کے ایران پر وحشیانہ حملے، متعدد شہروں اور جزیروں میں دھماکے

امریکی افواج کے ایران پر وحشیانہ حملے، متعدد شہروں اور جزیروں میں دھماکے

جرات ڈیسک
جمعرات, ۳۰ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

کازرون، آبادان، بندر عباس، قشم، کیش اور بوشہر نشانے پر، ایران میں فضائی حملوں کے بعد صورتحال سنگین

…………………..

امریکی افواج نے ایران کے مختلف علاقوں پر وسیع فضائی حملے کیے ہیں۔ امریکی مرکزی کمان (سینٹکام) کے مطابق حملوں کا آغاز بدھ کی شب مشرقی امریکی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے (عالمی وقت کے مطابق جمعرات صفر بجے) کیا گیا۔

سینٹکام نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ یہ کارروائی مشرقِ وسطیٰ میں تعینات امریکی افواج پر ایک روز قبل کیے گئے مبینہ حملوں کے جواب میں کی گئی ہے۔

ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق امریکی حملوں میں صوبہ فارس کے شہر کازرون کے نواحی علاقے کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ خلیج میں واقع جزیرہ کیش پر بھی میزائل حملے کے بعد دو زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

حکام کے مطابق جزیرہ کیش کے ہوائی اڈے اور مسافر بردار بحری خدمات معمول کے مطابق جاری ہیں۔ ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی افواج نے صوبہ خوزستان کے شہر آبادان میں بھی متعدد مقامات کو نشانہ بنایا۔

اسی دوران صوبہ ہرمزگان کے ساحلی شہر بندر عباس میں دو دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ ابو موسیٰ، کیش اور قشم کے جزیروں سے بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ہرمزگان کے ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ شہر سیریک پر کسی حملے کی اطلاع نہیں ملی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق صوبہ بوشہر، جہاں ایران کا واحد جوہری بجلی گھر واقع ہے، میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

دوسری جانب تسنیم نیوز ایجنسی نے بتایا کہ جزیرہ قشم میں شہر کے اندر تین دھماکے ہوئے، جبکہ مقامی رہائشیوں کے مطابق ایک میزائل رہائشی علاقے میں آ گرا۔ تاہم جانی یا مالی نقصان کے بارے میں فوری طور پر کوئی مصدقہ معلومات سامنے نہیں آئیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل اردن میں امریکی فوجی اڈے پر بیلسٹک میزائل حملے کے بعد ایران کو سخت جواب دینے کا عندیہ دیا تھا۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ حملے اسی سلسلے کی کارروائی کا حصہ ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں