جہادِ حر ُیت کے قافلہ سالار گیلانی...کشمیری حق خود ارادیت کے سوا کوئی فیصلہ قبول نہیں کریں گے
شیئر کریں
پاکستان بار بار یہی بات دہرارہا ہے لیکن بھارت فوجی قبضے اورتسلط پراَڑاہوا ہے ،نتیجہ آنے تک مقد س اورجائزجدوجہد جاری رکھیں گے
87سالہ ناتواں بزرگ لیکن جواں عزائم اورمضبوط اعصاب کے مالک ،حریت رہنماسید علی گیلانی کا سرحد پار سے اہل عالم کے نام پیغام
انٹریو:شیخ امین ۔مقصود منتظر
قائد حریت سید علی گیلانی کانام کسی تعارف کا محتاج نہیں ۔بھارت کے خلاف حریت و مزاحمت کی سب سے نما یاں اورسب سے توانا آواز ہیں،87سال کے ہوچکے ہیں ،لیکن عزم جواں ہے۔ بے پنا ہ صبرو استقامت کا یہ پیکربا طل قوتوں کو نہ صرف للکار رہا ہے بلکہ پوری ایمانی قوت سے ان کے ساتھ ٹکراتا بھی ہے۔ اگربھارتی نیتا نریند مودی اس سے خائف ہے اورپاکستانی سابق حکمران پر ویز مشرف بھی اس سے خائف رہا ہے،تووجہ یہ ہے کہ سید گیلانی سچ اور وفا کی علا مت ہیں،زہر کو تریاق اور تریاق کو زہر کہنے کی انہیں عادت نہیں ۔اس لیے وقت کے فرعونوں اور نمرودوں کا ایسے شخص اور رہنما سے خائف رہنا بلا جواز نہیں ۔ تاریخ گواہ ہے کہ عہدِجوانی میں قدم رکھتے ہی انہیں حق اور سچ کہنے کی پاداش میں تکا لیف اور مصائب کا سامنا کرنا پڑا۔بیشتر وقت بھارتی جیلوں میں گزارنا پڑا۔2010ءسے اپنے ہی گھر میں نظر بند ہیں ۔ شہید برہان وانی کی شہادت کے بعدروز نامہ جرات اور وجود ڈاٹ کام کو اس بطل جلیل کا پہلا مکمل انٹرویوشا ئع کرنے کا اعزاز حاصل ہورہا ہے ۔
جرا¿ت:1990 سے لیکر آج تک ہزاروں نامور عسکری کمانڈر اور سیاسی رہنماشہید ہوئے ۔ آپ کی نظر میں وہ کیا خاص چیز تھی جس نے حزب المجاہدین کے کمانڈربرہان وانی کو مقبولیت کی بلندیوں تک پہنچا یا اور 8جولائی کو کشمیرکی تاریخ میں ناقابل فراموش دن کے طور پر رقم کرایا ۔
سیدعلی گیلانی:شہید بُرہان وانی کی شہادت کے بعد پوری وادی ہی نہیںبلکہ چناب ویلی اور پیر پنچال کے مسلمان بھی حرکت میں آگئے اور انہوں نے بھارت کے فوجی تسلط سے آزادی حاصل کرنے کا عہد کیا۔ برہان مظفرکے خلوص اور یکسوئی کے نتیجے میں یہ انقلابی لہر اُبھر آئی۔
جرا¿ت : موجودہ عوامی تحریک کے د وران عوام نے آپ کے احتجاجی پروگراموں پر من و عن عمل کیا اور تاحال کررہے ہیں جو یقینا خوش آئند بات ہے۔لیکن بظا ہر دیکھنے میں آرہا ہے کہ بھارتی قیادت اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہے ۔ کیا اس ہٹ دھرمی کا توڑ کرنے کیلیے آپ کے پاس کوئی متبادل حکمت عملی ہے؟
سید علی گیلانی:موجودہ تحریک اور جدوجہد میں ہمارے پروگرام کا عوام نے بھرپور ساتھ دیا۔ عظیم اور بے مثال قربانیاں بھی دی گئیں جن کا ہمیں بھرپور احساس ہے اور ہم دل کی عمیق گہرائیوں کے ساتھ مظلوم عوام کے شکرگزار اور احسان مند ہیں۔ بھارت کی ضد اور ہٹ دھرمی کا ہمارے پاس کوئی علاج نہیں ہے۔ سوائے اس کے کہ فوجی تسلط کے خلاف ہماری جدوجہد میں استقامت کا ہر سطح اور ہر مرحلے پر مظاہرہ کیا جائے۔ بھارت کی حکومت اور سیاسی قیادت نشہ¿ قوت کا شکار ہے۔ وہ مظلوم قوم کی بے مثال قربانیوں کو ذرہ برابر بھی اہمیت نہیں دے رہی ہے۔ عالمی سطح پر بھی بھارت پر کوئی دباو¿ نہیں ڈالا جارہا ہے۔ مادہ پرستی کا دور ہے، ہر ملک اور ہر قوم مادی مفادات کے درپے ہیں۔ انسانیت اور اخلاقی اقدار کی کوئی پاسداری نہیں ہے۔ ایسے حالات اور پسِ منظر میں اللہ ربّ کائنات کی مدد اورنصرت کے سہارے ہی جدوجہد کو جاری رکھنے کا عزمِ صمیم ہی واحد ذریعہ اور راستہ ہے۔
جرا¿ت: کیا آپ پاکستان کی موجودہ کشمیر پالیسی سے مطمئن ہیں یا اس میں نظر ثانی کی ضرورت سمجھتے ہیں؟
سید علی گیلانی:پاکستان کی موجودہ کشمیر پالیسی حوصلہ افزا ہے، مگر اس میں تسلسل، تواتر اور استقلال کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو سب سے زیادہ سفارتی سطح پر سرگرم ہوجانے کی ضرورت ہے۔ بھارت نے سفارتی سطح پر قریب قریب پوری دنیا کو اپنے فریب اور مکاری کا شکار بنایا ہے۔ اس کا اندازہ اس دلدوز اور شرم ناک اقدام سے لگایا جاسکتا ہے کہ عرب دنیا میں بھارت کو خوش کرنے کے لیے دبئی میں مندر تعمیر کیا جارہا ہے۔ 2017ءمیں اُس کی تعمیر مکمل ہوجائے گی۔ توحید کی داعی سرزمین میں اب شرک بھی پھیل جائے گا۔ فاعتبرویا اولیٰ الابصار
علامہ اقبالؒ نے پہلے ہی ان دل خراش حالات کی نشاندہی فرمائی ہے
چُنیں دور آسمان کم دیدہ باشد
کہ جبرئیل امینؑ را دل خراشد
چہ خوش دیرے بناکردند آنجا
پرستد مومن و کافر تراشد!
(چشم فلک نے آج کا دور بہت کم دیکھا ہوگا۔ صورتحال دیکھ کر جبرئیل امینؑ کا دل بھی زخمی ہواجارہا ہے۔ آج کے حالات میں ایک پُرکشش بُت خانہ تعمیر کیا جارہا ہے۔ جس کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ کافر بُت تراش رہا ہے اور ”مومن“ اُس کی پرستش کررہا ہے۔)
پاکستان کا استحکام، اتحاد، یکسوئی اور امن وسکون اولین ضرورت اور تقاضائے وقت ہے۔ پاکستان کی 18کروڑ آبادی میں ہر فرد کو بغیر کسی امتیاز رنگ وبو، مذہب، پیشہ، ذات پات،زبان اور روایات سے بالاتر ہوکر مال، جان، عزت، آبرو، مذہب، عقیدہ اور عبادت گاہوں کا تحفظ مل جانا چاہیے یہ پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے اولین ضرورت ہے۔ پاکستان کی حکومت، سیاسی قیادت اور عسکری قوت کو سب سے زیادہ اپنے ملک اور اپنی آبادی کے لیے خوشحالی اور امن وسکون فراہم کرنے کی طرف متوجہ ہوجانا چاہیے۔ پھرکشمیر کے مظلوم، محکوم اور زیرِ عتاب دینی بھائیوں کے لیے ہرممکن مدد اور تعاون پیش کیے جانے کی از حد ضرورت ہے۔
جرا¿ت: تین ماہ سے کشمیری خون کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔ عوام اپنے شہداءکو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر دفناتے ہیں جواب میں پاکستان حکومت نے کیاکوئی ایسا اقدام کیا جس کو لیکر یہ کہا جائے کہ واقعی پاکستان حکومت مخلص ہے ؟
سید علی گیلانی: پاکستان کی حکومت اس کی پوری قوم کس حد تک کشمیر کے بارے میں مخلص ہے، واللہ اعلم بالصواب۔ دلوں کا حال صرف اور صرف اللہ رب کائنات ہی جانتا ہے۔ ہماری تمنا، اُمیدیں اور آرزوئیں یہی ہیں کہ پوراپاکستان مسئلہ کشمیر کے پائیدار اور پُرامن حل کے لیے بھرپور اخلاص کا مظاہرہ کرے۔
جرا¿ت:اس وقت حریت کانفرنس کے منقسم دھڑے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہیں۔ کیا یہ اتحاد مستقبل میں بھی برقرار رہ سکتا ہے؟
سید علی گیلانی :حریت کانفرنس کے دونوں دھڑوں کے درمیان اچھے اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ حتی الامکان یہ تعلقات برقرار رہیں گے۔ ان شاءاللہ
جرا¿ت:2010ءکے عوامی احتجاج اور آج کیااحتجاجوں اور مظا ہروں میں کوئی واضح فرق دیکھتے ہیں؟
سید علی گیلانی:2010اور آج کے احتجاج اور مظاہروں کے درمیان واضح فرق یہ رہا ہے کہ آج دُور دراز آبادیوں کے عوام اور خاص طور جوانانِ ملّت نے بھی دلی اور ذہنی یکسوئی کے ساتھ پہلے سے بڑھ کرحصہ لیا ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ اُن کی محنت اور قربانیاں قبول فرمائے اور بھارت کے جبری قبضہ سے آزادی نصیب ہوجائے۔ آمین
جرا¿ت:مسئلہ کشمیر کے حل کا آپ کے پاس کیا روڈ میپ ہے؟ اور کیا وہ پاکستان اور بھارت کو قابل قبول بھی ہے۔
سید علی گیلانی :مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہمارے پاس ایک ہی روڈ میپ اور حل ہے کہ اقوامِ متحدہ کی درجنوں قراردادوںپر عمل کیا جائے۔ بھارت نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر بھی وعدے کیے ہیں۔ جموں وکشمیر کے عوام کی اکثریت کا صرف اور صرف یہی مطالبہ ہے کہ ان وعدوں کو پورا کرکے ایک کروڑ تیس لاکھ سے زائد آبادی کو حقِ خودارادیت کے استعمال کا موقع دیا جائے۔ یہی پائیدار اور پُرامن حل ہے اور دونوں ممالک کے لیے یہ قابل قبول ہونا چاہیے۔ پاکستان بار بار اس حل کو دہرارہا ہے، لیکن بھارت فوجی قبضہ اور تسلط پر ہی انحصار کررہا ہے یہی سب سے بڑی رُکاوٹ اور اڑچن ہے۔
جرا¿ت:اگر موجودہ عوامی تحریک خدانخواستہ مطلوبہ نتائج حاصل نہ کرسکی تو مستقبل کی صورت حال کیا ہوگی؟
سید علی گیلانی:اگر خدانخواستہ آج کی عظیم اور بے مثال قربانیوں کے بعد بھی، بھارت حقیقت پسندانہ رویہ اختیار نہیں کرے تو ہم آئندہ بھی ہرحال میں اپنی جائز اور مقدس جدوجہد کو جاری وساری رکھیں گے۔ ان شاءاللہ
جرا¿ت:بعض نا قدین کا خیال ہے کہ احتجاج کی طوالت سے نہ صرف کشمیری قیادت کے حوالے سے مایوسی پھیلے گی بلکہ کشمیری عوام پاکستان سے بھی مکمل طور پر بد ظن ہو جائینگے۔آپ کی رائے؟
سید علی گیلانی :نہ کشمیری قیادت اور نہ ہی مظلوم کشمیریوں کو بددل اور مایوس ہونا چاہیے۔ مایوسی کفر ہے اور اہل ایمان کبھی مایوس اور بددل نہیں ہوتے ۔ اُنہیں ہرحال میں اللہ وحدہ¾ لاشریک کی قدرت، طاقت، مدد اور نصرت پر یقین کامل رکھ کر جائز اور مقدس جدوجہد کو جاری رکھنے کا عزمِ صمیم کرنا چاہیے۔ لا تقنطو۱ من رحمة اللہ (اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہو)۔ پاکستان سے بھی کبھی بددل نہیں ہونا چاہیے، بلکہ پاکستان کے استحکام اور روشن مستقبل پر یقین رکھتے ہوئے ان کی طرف سے ہر ممکن مدد اورتعاون کی اُمید ہی نہیں بلکہ یقینِ کامل رکھنا چاہیے۔
جرا¿ت:یہ عیاں حقیقت ہے کہ آپ ہر امتحان میں پورا اترے اور ان شا ءاللہ اتریں گے ۔کیا آپ پُر امید ہیں کہ قومِ کشمیر بھی موجودہ امتحان میں پورا اترے گی؟
سید علی گیلانی:اللہ کی مدد اور نصرت کے سہارے میں نے ہر محاذ اور ہر مرحلے پر کامیابی اور کامرانی حاصل کی ہے۔
پورے قد سے کھڑا ہوںمیں، یہ ہے تیرا کرم
مجھ کو جھکنے نہیں دیتا ہے سہارا تیرا!
ہماری قوم اپنی کمزوریوں کو پیشِ نظر رکھ کر اپنا احتساب کرے۔ شخص پرستی اور مادہ پرستی سے ہر حال میں احتراز کیا جائے، قرآن اور اسوہ¿ رسول ﷺ کی تعلیمات کے مطابق اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی تعمیر کی جائے، اللہ رب کائنات کی طرف سے اُن راہوں سے مدد آئے گی جس کا ہمیں وہم وگمان بھی نہیں ہوگا۔
نہ ہو نومید، نومیدی زوالِ علم وعرفان ہے
اُمید مردِ مومن ہے خدا کے رازدانوں میں !
جرا¿ت:اوڑی حملے اور نا م نہاد بھارتی سرجیکل حملے کے بعد، عالمی میڈیا اور عالمی برادری کی ساری توجہ پاک بھارت تعلقات اور دھشت گردی کی طرف مبذول ہوئی ۔ان حالات میں کشمیر کے اندر ہونے والی جدوجہد کا مستقبل آپ کیسا دیکھتے ہیں ۔
سید علی گیلانی:گزشتہ 70سال سے بھارت مکرو فریب اور دھوکا دہی سے ہی کام لیتا رہا ہے، بلکہ اس حقیقت کو حرزِجان بنانا چاہیے کہ بھارت کی سیاست کی بنیاد ہی جھوٹ اور فریب پر ہے۔ قراردادوں پر دستخط کرنے کے بعد بھی وہ انکار کررہا ہے۔ اس لیے وہ مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے نت نئے حربے استعمال کررہا ہے، مگر مسئلہ کشمیر کی تاریخ ناقابل تردید ہے۔ شک وشبہ سے بالاتر ہے۔ اس لیے ہر موقع پر ان کے حربے ناکام ہوجائیں گے، صرف ضرورت اس بات کی ہے کہ جموں کشمیر کے عوام کی اکثریت یکسو ہوجائے اور بھارت کی کلہاڑی کے دستوں سے، جو ہماری آزادی کی راہ میں سب سے بڑی رُکاوٹ اور اڑچن ہے چھٹکارا حاصل کیا جائے۔یعنی اُن کی شاطرانہ چالوں سے بار بار دھوکا اور فریب کا شکار نہ ہوا جائے تو مستقبل ہمارا روشن ہے ان شاءاللہ۔
جرا¿ت: مسئلہ کشمیر کے حوالے سے چین ، امریکا اور دیگر ممالک کا کیا کردار ہوسکتا ہے؟
سید علی گیلانی:مسئلہ کشمیر کے حوالے سے چین کا کردار مثبت اور حقیقت پسندانہ ہے۔ چین بھی بھارت اور پاکستان کے درمیان بات چیت پر زور دے رہا ہے۔ اُن کو غیر مبہم الفاظ میں بھارت کو کہنا چاہیے کہ جن قراردادوں پر تم نے دستخط کیے ہیں جس کی پوری عالمی برادری گواہ ہے، خاص طورپر اقوامِ متحدہ کی تمام اکائیاں اور رکن ممالک۔ اُن کو عملایا جائے اور جموں کشمیر کی ایک کروڑ تیس لاکھ سے زائد آبادی کو اپنا پیدائشی اور بنیادی حق استعمال کا موقع دیا جائے۔ امریکا کے بھارت کے ساتھ گہرے روابط ہیں وہ بھی صرف بات چیت کی طرف توجہ دے رہے ہیں۔ حالانکہ وہ جانتے ہیں کہ اب تک 150سے زائد بار بات چیت ہوئی ہے، مگر مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے سلسلے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ اس لیے کہ بھارت بات چیت کے آغاز میں ہی کہتا ہے کہ جموں کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے۔ اس صورتحال میں بات چیت ہمیشہ ناکام رہی ہے۔ اب بھی اگر بات چیت ہوئی تو ناکامی کے سوا کچھ اور حاصل نہیں ہوگا۔ اقوامِ متحدہ کے ساتھ وابستہ ممالک اور خود اقوامِ متحدہ کو قراردادوں کے عملانے پر زور دینا چاہیے، یہی ایک واحد حل ہے جو پُرامن اور پائیدار حل ہوگا ۔
جرا¿ت: اوڑی حملہ اور کنٹرول لائن پر کشیدگی کے بارے میں عام تاثر یہ ہے کہ یہ مسئلہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کی ساز ش تھی۔ کیا آپ کا خیال بھی یہی۔ ؟
سید علی گیلانی :میں نے اپنی گزارشات میں کہا ہے کہ بھارت کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ جب بھی مسئلہ کشمیر کے حل کے بارے میں مظلوم اور محکوم لوگ احتجاج کرتے ہیں تو بھارت توجہ ہٹانے کے لیے بے شمار حربے استعمال کرتا ہے۔ اوڑی واقعہ بھی اسی نوعیت کا حربہ ہوسکتا ہے، کچھ بعید نہیں ہے، مگر یقین کے ساتھ کچھ نہیں کہا جاسکتا ۔
جرا¿ت:پا کستانی عوام اور قیادت کے نام آپ کا پیغام !!!
سید علی گیلانی :پاکستان کے عوام اور پاکستان کی قیادت کے لیے ہماری دردمندانہ اپیل ہے کہ پاکستان اللہ کی طرف سے ایک بہت بڑا عطیہ اور انعام ہے۔ اس کی ہرحال میں حفاظت کی جائے۔ اس کی جغرافیائی سرحدوں اور خاص طور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت پاکستان کے ہر فرد اور ہر خاتون کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان دونوں سرحدوں کی حفاظت کرے۔ پاکستان کے حصول کی جدوجہد میں یہ نعرہ لگایا جارہا تھا کہ ”پاکستان کا مطلب کیا، لاالہ الا اللہ“۔ مگر میں نے پاکستان کے ایک لیڈر کی زبان سے خود سُنا ہے کہ یہ تو بچے ایسا نعرہ لگا رہے تھے، اسی لیے گزشتہ 70سال میں پاکستان میں وہ نظام قائم نہیں ہوا، جو پاکستان کے منصہ شہود پر آنے کا مقصد اور مدعا تھا۔ بلا خوفِ تردید یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ عدل وانصاف، انسانی اور اخلاقی اقدار کی پاسداری، امن وسکون کا ماحول اور بغیر کسی امتیاز کے انسانی جانوں کا تحفظ، صرف اور صرف اسلامی نظام کے قائم ہونے سے ہی حاصل ہوسکتا ہے، کاش! پاکستان کے عوام، سیاسی قیادت، فوج اور حکومت اس حقیقت کا ادراک کرتے کہ دنیا میں رائج سارے نظام امن قائم کرنے میں بُری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ ہر جگہ اور ہر سمت قتل وغارت گری اور خون ریزی ہورہی ہے۔ انسانوں کے حقوق بُری طرح پامال ہورہے ہیں۔ طاقت ور ممالک کمزوروں کو دبوچ رہے ہیں۔ ”جس کی لاٹھی اُس کی بھینس“ کا بازار گرم ہے۔ خود اُمّتِ مسلمہ انتشارِ فکروعمل کا شکار ہے۔ پاکستان کو ایک ماڈل کی حیثیت سے پوری دنیا کے لیے نمونہ بن جانا چاہیے تھا، مگر افسوس صد افسوس!
وائے ناکامی متاعِ کارواں جاتا رہا
کارواں کے دل سے احساسِ زیاں جاتا رہا