میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ پبلک سروس کمیشن،اسکریننگ ٹیسٹ کے انتظامات تنقید کی زد میں

سندھ پبلک سروس کمیشن،اسکریننگ ٹیسٹ کے انتظامات تنقید کی زد میں

ویب ڈیسک
اتوار, ۷ جون ۲۰۲۶

شیئر کریں

امیدواروں اور ان کے اہلِ خانہ نے انتظامی امور پر شدید تحفظات اور سوالات اٹھا دیے
امتحانی مراکز میں بنیادی سہولیات کی کمی کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا

(رپورٹ، عبدالغفور سروہی) سندھ پبلک سروس کمیشن (SPSC) کی جانب سے 2025؍26 کے اسکریننگ ٹیسٹ کے انعقاد کے بعد امیدواروں اور ان کے اہلِ خانہ نے انتظامی امور پر شدید تحفظات اور سوالات اٹھا دیے ہیں۔ امیدواروں کا کہنا ہے کہ امتحانی مراکز میں بنیادی سہولیات کی کمی، سخت موسمی حالات اور غیر تسلی بخش انتظامات کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔تفصیلات کے مطابق مختلف امتحانی مراکز پر امیدواروں نے شکایت کی کہ امتحان کے دوران گرمی کی شدت کے باوجود مناسب کولنگ سسٹم، پنکھوں یا ٹھنڈے پانی کی فراہمی ناکافی رہی، جس کے باعث کئی امیدوار ذہنی دباؤ اور جسمانی تکلیف کا شکار ہوئے۔ بعض امیدواروں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ انتظامیہ کی جانب سے ہالز میں بیٹھنے کے انتظامات غیر منظم تھے جس سے امتحانی ماحول متاثر ہوا۔کچھ والدین نے بھی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امیدواروں کو گھنٹوں قطاروں میں کھڑا رہنا پڑا اور داخلی و خارجی راستوں پر مناسب رہنمائی موجود نہیں تھی۔ ان کے مطابق امتحانی عمل کے دوران نظم و ضبط کی کمی نے مجموعی تجربے کو مزید مشکل بنا دیا۔امیدواروں کا مزید کہنا ہے کہ سندھ پبلک سروس کمیشن پہلے بھی امتحانی انتظامات اور شفافیت کے حوالے سے تنقید کی زد میں رہا ہے، اور حالیہ اسکریننگ ٹیسٹ کے بعد ایک بار پھر ادارے کے انتظامی معیار پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ ایسے اہم امتحانات میں شفاف، منظم اور امیدوار دوست ماحول فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ کسی بھی قسم کے شکوک و شبہات جنم نہ لیں۔دوسری جانب امیدواروں اور والدین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ امتحانات میں بہتر سہولیات، مؤثر انتظامی کنٹرول، مناسب سہولتیں اور شفاف طریقہ کار کو یقینی بنایا جائے تاکہ طلبہ کا اعتماد بحال ہو سکے اور امتحانی عمل مزید بہتر بنایا جا سکے۔تاحال سندھ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے ان تحفظات پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں