میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
غزہ میں اسرائیلی بمباری سے مسجد شہید، قریبی مکانات تباہ

غزہ میں اسرائیلی بمباری سے مسجد شہید، قریبی مکانات تباہ

جرات ڈیسک
جمعه, ۲۴ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیلی فوج اور آبادکاروں کا حملہ، 4 فلسطینی شہید،متعدد زخمی

اسرائیلی آبادکاروں نے گھروں میں گھسنے کی کوشش کی، مزاحمت پر اندھا دھند فائرنگ کی

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

اسرائیلی قابض جنگی طیاروں نے وسطی غزہ کی پٹی میں بوریج کیمپ میں ایک مسجد اور اس کے آس پاس کے علاقوں کو فضائی حملے میں تباہ کردیا ہے۔

صفا نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے بوریج پناہ گزین کیمپ کے جنوب مشرق میں بلاک 9 میں مسجد النور اور اس کے آس پاس کے علاقے کو تباہ کر دیا۔

اسرائیلی جنگی طیاروں نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ پولیس اسٹیشن کے قریب ایک مکان کو بھی نشانہ بنایا۔مقامی میڈیا نمائندے نے کہا کہ اسرائیلی جنگی طیارے غزہ کی پٹی کے متعدد علاقوں پر کم اونچائی پر پرواز کر رہے ہیں۔

مقبوضہ مغربی کنارے میں نابلس کے جنوب مغرب میں واقع قصبے "تل” (Tal) پر اسرائیلی فوج اور یہودی آبادکاروں نے مشترکہ حملہ کر کے چار فلسطینیوں کو شہید جبکہ چار دیگر کو شدید زخمی کر دیا۔

فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق، اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے والے افراد میں سے تین کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ مقامی ذرائع اور فتح پارٹی کے رہنما عصام سیفی نے بتایا کہ تقریباً 25 سے 30 مسلح یہودی آبادکاروں نے پہلے قصبے کے مشرقی حصے پر حملہ کیا اور دو مکانات میں زبردستی گھسنے کی کوشش کی۔ جب مقامی رہائشیوں نے اپنے گھروں کے دفاع کے لیے مزاحمت کی تو آبادکاروں نے سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔

اس واقعے کے کچھ ہی دیر بعد مسلح آبادکار اور اسرائیلی فوجیوں نے قصبے کے مغربی حصے پر حملہ کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق، قابض فورسز اور آبادکاروں نے مل کر گولی باری کی اور ایک بچے کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ دوسری جانب، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ کارروائی ایک فلسطینی کی جانب سے سیکیورٹی اہلکار سے ہتھیار چھین کر اسرائیلیوں پر فائرنگ کے ردِعمل میں کی گئی، جس میں ایک اسرائیلی آبادکار ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے۔

حملے کے بعد اسرائیلی فوج نے قصبے "تل” اور نابلس کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو بند کر کے محاصرہ کر لیا ہے اور زخمیوں تک طبی امداد پہنچانے میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ فلسطینی وزارتِ خارجہ نے اس سانحے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے "جاری نکبہ کا ایک نیا باب” اور اسرائیلی انتظامیہ و متشدد آبادکاروں کے گٹھ جوڑ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز سے اب تک مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز اور آبادکاروں کے ہاتھوں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 86 ہو چکی ہے، جن میں سے 21 افراد کو بلاواسطہ یہودی آبادکاروں نے گولیوں کا نشانہ بنایا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں