ٹانک میں چیک پوسٹ پر حملہ، 15 جوان شہید،12 دہشت گرد ہلاک
شیئر کریں
حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرا دی، عمارت منہدم ہونے سے شہادتیں
حملہ آوروں کی سیکیورٹی حصار کو توڑنے کی کوشش، شہداء میں فوج کے بارہ جوان، دو پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک سرکاری عہدیدار شامل
………………………………………….
ٹانک میں دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر باردو سے بھری گاڑی ٹکرادی، نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کے 15 اہلکار شہید ہوگئے، جوابی کارروائی میں 12 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ ‘فتنہ الخوارج’ کے دہشت گردوں نے 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب ضلع ٹانک میں سیکیورٹی اہلکاروں کی مشترکہ چیک پوسٹ پر بزدلانہ حملہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آوروں نے چیک پوسٹ کے سیکیورٹی حصار کو توڑنے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز کے مستعد اور فوری ردعمل نے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا،
سیکیورٹی اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرار ہونے والے خوارج کو نشانہ بنایا اور بارہ خوارج کو ہلاک کر دئے۔اسی دوران حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی،
دھماکے کی شدت سے چیک پوسٹ کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں وطن کے پندرہ بہادر سپوت شہید ہوگئے جن میں فوج کے بارہ جوان، دو پولیس اہلکار اور محکمہ جنگلات کا ایک سرکاری عہدیدار شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ خارجی کے خاتمے کے لیے کلئرنس آپریشن جاری ہے، ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔


