میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بلاول برخوردار! لڑائی نہیں، سیاسی مقابلہ ہونا چاہیے، نواز شریف

بلاول برخوردار! لڑائی نہیں، سیاسی مقابلہ ہونا چاہیے، نواز شریف

جرات ڈیسک
جمعه, ۲۴ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

میری بات کا برا نہ ماننا، سیاست میں تلخی مارکٹائی نہیں ہونی چاہیے

میں کشمیری ہوں، بلاول! آپ کشمیر کو کشمور اور میرپور کو میرپورخاص نہیں سمجھنا

میرے بعد آزاد کشمیر میں ترقی نہیں ہوئی،کشمیر کو اپنا پہلا گھر سمجھتا ہوں،

کامیاب کرائیں، کشمیر کے ہر کونے میں جاؤں گا،میرپور جلسے سے خطاب

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کے اقتدار سے الگ ہونے کے بعد آزاد جموں و کشمیر میں ترقی کا عمل سست پڑ گیا، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے علاوہ کسی اور جماعت نے آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے نمایاں کام نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے مسلم لیگ (ن) پر دوبارہ اعتماد کیا تو آزاد کشمیر کے ہر علاقے کی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔ میرپور میں ایک بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ کشمیر سے ان کا رشتہ صرف سیاسی نہیں بلکہ جذباتی اور قلبی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ آزاد کشمیر کو اپنا دوسرا نہیں بلکہ پہلا گھر سمجھتے ہیں اور یہاں کے عوام سے ان کا تعلق ہمیشہ مضبوط رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرپور ایک خوبصورت شہر ہے، تاہم آج یہ اس مقام پر نہیں جہاں اسے ہونا چاہیے تھا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ان کے دور حکومت کے بعد آنے والوں نے آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے کیا عملی اقدامات کیے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے۔

نواز شریف نے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری کا نام لے کر کہا، "بلاول برخوردار! میری بات کا برا نہ ماننا، سیاسی جماعتوں کے درمیان نوک جھونک ہونی چاہیے، لیکن لڑائی جھگڑا اور نفرت کی سیاست نہیں ہونی چاہیے۔”

انہوں نے کہا کہ وہ آزاد کشمیر کے لیے اپنا انتخابی منشور بھی ساتھ لائے ہیں اور عوام خود فیصلہ کریں کہ مسلم لیگ (ن) کے علاوہ کس جماعت نے آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے عملی کام کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں جہاں بھی بڑے ترقیاتی منصوبے نظر آئیں گے، وہاں مسلم لیگ (ن) کی خدمات نمایاں دکھائی دیں گی۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کی جماعت کی اولین ترجیح نوجوانوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ آزاد کشمیر میں کینسر اور دل کے امراض کے علاج کے لیے جدید اسپتال قائم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز آزاد کشمیر کے عوام کے لیے جدید الیکٹرک بسوں کا منصوبہ لے کر آئی ہیں، جبکہ 10 موبائل اسپتال بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات پہنچائی جا سکیں۔

نواز شریف نے مزید اعلان کیا کہ مری سے مظفرآباد تک جدید ایکسپریس وے تعمیر کی جائے گی، جس سے سفری سہولتوں میں بہتری آئے گی اور سیاحت و تجارت کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عوام نے انہیں دوبارہ خدمت کا موقع دیا تو وہ آزاد کشمیر کے چپے چپے کا دورہ کریں گے اور ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کریں گے تاکہ خطے کو ترقی اور خوشحالی کی نئی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں