بنوں میں مشترکہ آپریشن، 16 دہشتگرد ہلاک،2 پولیس اہلکار شہید
شیئر کریں
پاک فوج ، پولیس اور سی ٹی ڈی کی دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پرمشترکہ کارروائی
دہشت پھیلانیوالا خوارجی سرغنہ زمری نوراورافغان خوارجی سرغنہ عبداللہ سعید مارا گیا، ذرائع
بنوں میں پاک فوج ، پولیس اور سی ٹی ڈی کے مشترکہ آپریشن میں 2 اہم ترین خوارجی سرغنوں سمیت 16 دہشت گرد جہنم واصل کر دیٔے گئے جبکہ 2 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج، پولیس سمیت دیگر سکیورٹی ادارے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز پوری شدت کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ بنوں کے علاقے میریان میں پاک فوج، سی ٹی ڈی اورپولیس نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر مشترکہ آپریشن کیا، 2 اہم ترین خوارجی سرغنوں سمیت 16 خوارجی جہنم واصل کردیٔے گئے، علاقے میں خوف ودہشت پھیلانے والا خوارجی سرغنہ زمری نوراورافغان خوارجی سرغنہ عبداللہ سعید کو آپریشن کے دوران مارا گیا۔سکیورٹی ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ انتہائی کٹھن آپریشن میں پاک فوج، پولیس اور سی ٹی ڈی نے خوارج کے کئی ٹھکانے بھی تباہ کردیٔے۔آپریشن کے دوران پولیس کے دو اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی کے دوران جام شہادت نوش کیا، شہید کانسٹیبل وحید اللہ خان اورنوراللہ خان کی نمازِجنازہ پولیس لائنزبنوں میں سرکاری اعزازکے ساتھ ادا کی گئی، نمازِجنازہ میں اعلیٰ سول وعسکری حکام،علاقہ عمائدین اورعوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے بدستور مشترکہ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، آخری خوارجی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔


