حیدرآباد،بدنام زمانہ عارف بلڈر قانون کی گرفت سے باہر
شیئر کریں
بیٹیوں کے ہمراہ احتجاج کرنیوالے متاثرہ شہری امین میمن کو کینٹ پولیس نے تحویل میں لے لیا
بلڈر عارف سے انہیں مبینہ طور پر مشکلات اور ناانصافی کا سامنا ہے، متاثرہ امین میمن کا الزام
(رپورٹ، عبدالغفور سروہی) قاسم آباد کے رہائشی متاثرہ شہری امین میمن کو کینٹ پولیس نے اس وقت تحویل میں لے لیا جب وہ معروف بلڈر عارف کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اپنی بیٹیوں کے ہمراہ بلڈر کے دفتر پہنچ گئے۔ذرائع کے مطابق امین میمن نے الزام عائد کیا کہ بلڈر کی جانب سے انہیں مبینہ طور پر مسلسل مشکلات اور ناانصافی کا سامنا ہے، جبکہ ان کا مطالبہ تھا کہ عارف بلڈر خود ان سے ملاقات کرکے مسئلے کا حل نکالیں۔ متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ جب تک بلڈر ان سے بات نہیں کرے گا، وہ دفتر سے نہیں جائیں گے۔اطلاعات کے مطابق امین میمن اپنے ساتھ پیٹرول بھی لے کر گئے تھے اور انصاف نہ ملنے کی صورت میں خودسوزی کی دھمکی دی تھی، جس پر علاقے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ بعد ازاں کینٹ پولیس موقع پر پہنچی اور امین میمن کو اپنی تحویل میں لے لیا۔واقعے کے بعد شہری حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ متاثرہ شہری نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے معاملے کا شفاف جائزہ لے کر انصاف فراہم کیا جائے۔


