سندھ بلڈنگ، لیاقت آباد میں بوسیدہ عمارت پر غیر قانونی بالائی منزل
شیئر کریں
ڈائریکٹر رؤف شیخ اور ڈپٹی ڈائریکٹر عمران رضوی کی مبینہ چشم پوشی،خطرے کی گھنٹی
پلاٹ نمبر 17/10سی ایریا میں کمزور بنیادوں پر مزید تعمیر، تعمیراتی مافیا کو کھلی چھوٹ
وسطی کے گنجان آباد علاقے لیاقت آباد سی ایریا میں پلاٹ نمبر 17/10 پر واقع ایک بوسیدہ اور کمزور بنیادوں کی حامل عمارت پر خلاف ضابطہ چھٹی منزل کی تعمیر جاری ہے ، جس نے علاقے کے مکینوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑا دی ہے ۔ عمارت کی خستہ حالت کے باوجود اس پر مزید بوجھ ڈالنا کسی بڑے سانحے کو دعوت دینے کے مترادف قرار دیا جا رہا ہے ۔مقامی افراد کے مطابق عمارت پہلے ہی وقت کے ساتھ اپنی مضبوطی کھو چکی ہے ، دیواروں میں دراڑیں نمایاں ہیں اور اسٹرکچر مزید وزن برداشت کرنے کے قابل نہیں، لیکن اس کے باوجود بالائی منزل کی تعمیر دھڑلے سے جاری ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ عمل نہ صرف قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ اردگرد رہنے والے خاندانوں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈال رہا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ افسران کی مبینہ ملی بھگت کے باعث تعمیراتی مافیا کو کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔ ڈائریکٹر رؤف شیخ اور ڈپٹی ڈائریکٹر عمران رضوی کی جانب سے اس سنگین معاملے پر خاموشی سوالیہ نشان بن چکی ہے ، جبکہ متعدد شکایات کے باوجود کوئی مؤثر کارروائی سامنے نہیں آئی۔علاقہ مکینوں نے وزیر بلدیات سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کو فوری طور پر روکا جائے ، عمارت کا تکنیکی معائنہ کیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ، تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے پہلے قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔جرأت سروے ٹیم کی جانب سے متعلقہ افسران سے رابطے کی کوشش کی گئی مگر رابطہ ممکن نہ ہو سکا۔


