ڈسٹرکٹ سینٹرل میں پارکنگ مافیا کی شہریوں سے لوٹ مار
شیئر کریں
حیدری پارکنگ لاٹ کے قریب علاقہ پولیس اور انتظامی افسران کی ملی بھگت سے وصولیاں
غیر قانونی پارکنگ روکنے کی کوشش پر محکمہ چارجڈ سینٹرل کے انچارج منور بھی تشدد کا نشانہ
ڈسٹرکٹ سینٹرل میں پارکنگ مافیا کی جانب سے شہریوں سے چارجڈ پارکنگ فیس وصولی کے نام پر لوٹ مار کا سلسلہ زوروشور سے جاری ہے جس کے باعث مافیا کے کارندوں اور شہریوں کے درمیان جھگڑے معمول بن گئے ہیں، غیر قانونی پارکنگ روکنے کی کوشش پر کے ایم سی محکمہ چارجڈ پارکنگ سینٹرل کے انچارج منور کو بھی ناظم آباد میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا، حیدری پارکنگ لاٹ کے قریب تیمیوریہ مسجد والی سڑک پر علاقہ پولیس اور انتظامی افسران کی بھگت سے کھلے عام غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کی جارہی ہے ۔ اسی طرح فائیو اسٹار چورنگی پر ڈپارٹمینٹل اسٹور،سخی حسن پر سرینا موبائل مارکیٹ پر اور نعمان جناح ٹاؤن اور یو پی پر جیو موبائل مال کے باہر زاہد کی جانب سے چارجڈ پارکنگ وصولی جاری ہے ۔ذرائع کے مطابق مافیا کو علاقہ پولیس اور ضلعی انتظامی افسران کی سرپرستی حاصل ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتہ ناظم آباد نمبر 7میں قائم بال روم کے باہر غیر قانونی پارکنگ ختم کرانے کی کوشش میں سینٹرل کے انچارج منور کو بھی مافیا نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا اس موقع پر علاقہ پولیس نے آپریشن کے لیے نفری فراہم کرنے سے انکار کردیا تھا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پارکنگ مافیا کو نہ عدالتی فیصلوں کا احترام ہے نہ وزیر اعلیٰ سندھ اور میئر کراچی کی رٹ کا کوئی لحاظ ہے۔


