قبضہ مافیاز کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا،وزیر داخلہ سندھ
شیئر کریں
تاجر برادری،سرمایہ کاروں،عوام کو قبضہ مافیا، لینڈ گریبرز سے نجات دلائیں گے
قبضے میں ملوث عناصر کیخلاف مقدمات درج اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں
حکومت سندھ نے زمینوں پر قبضوں، تجاوزات اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے بڑا اور مثر اقدام کرتے ہوئے قائم کردہ خصوصی کمیٹی کا چوتھا اجلاس منعقد کیا، جس کی صدارت صوبائی وزیر داخلہ، قانون و پارلیمانی امور ضیا الحسن لنجار نے کی۔ اجلاس میں شہریوں، تاجر برادری اور کاروباری طبقے کو لینڈ گریبرز، قبضہ مافیا اور غیر قانونی تجاوزات سے نجات دلانے کے لیے مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں متعلقہ اداروں کی جانب سے پیش رفت رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ مجموعی طور پر 23 کیسز کمیٹی کے سامنے زیر غور لائے گئے تھے، جن میں سے 4 کیسز کامیابی سے حل کیے جا چکے ہیں، جبکہ باقی ماندہ کیسز پر پوائنٹ ٹو پوائنٹ تفصیلی غور کیا گیا اور ان کے جلد از جلد حل کے لیے ہدایات جاری کی گئیں۔صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کے قیام کا بنیادی مقصد تاجر برادری،سرمایہ کاروں اور عوام کو قبضہ مافیا اور لینڈ گریبرز سے نجات دلانا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو معاملات قبضے کے زمرے میں آتے ہیں، ان پر فوری طور پر مقدمات درج کیے جائیں اور ملوث عناصر کی گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،کیونکہ یہ عناصر نہ صرف شہریوں کے حقوق غصب کرتے ہیں بلکہ صوبے کی معاشی ترقی کے لیے بھی ناسور ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی اولین ترجیح تاجر برادری کے مسائل کا حل، سرمایہ کاری کا تحفظ اور کاروباری ماحول کو سازگار بنانا ہے۔وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجارنے مزید کہا کہ یہ کمیٹی تاجروں اور شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے قائم کی گئی ہے، اور اس کے قیام کی ہدایت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے احکامات کے تحت دی گئی تھی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت سندھ تاجر برادری کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔اجلاس میں کمشنر کراچی کو ہدایت کی گئی کہ تمام زیر التوا کیسز کے حل کے لیے اندرون 15 یوم پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے تاکہ معاملات کو جلد منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔اجلاس میں شریک تاجر برادری کے نمائندگان نے حکومت سندھ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف بروقت سماعت اور فوری کارروائی پر وہ حکومت سندھ کے مشکور ہیں۔انہوں نے یقین دلایا کہ تاجر برادری حکومت سندھ کے ہر مثبت اقدام کی مکمل حمایت کرے گی اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔


