سندھ بلڈنگ، اسکیم 24گلشن اقبال میں غیر قانونی تعمیرات کا راج
شیئر کریں
آصف شیخ کی سرپرستی میں بلڈنگ انسپکٹر ریاض جاکھرو کے غیر قانونی تعمیراتی دھندے
بلاک 2 اے 157 اے 110 رہائشی پلاٹوں پر کمرشل یونٹس اور اضافی منزلیں تعمیر
ضلع شرقی کے علاقے اسکیم 24 گلشن اقبال میں غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے ، جہاں مبینہ طور پر بااثر عناصر کی پشت پناہی میں رہائشی پلاٹوں کو کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق تعمیراتی مافیا کھلے عام قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اضافی منزلوں اور کمرشل یونٹس کی تعمیر میں مصروف ہے ۔جرأت سروے ٹیم کو حاصل اطلاعات کے مطابق آصف شیخ کی مبینہ سرپرستی میں متعلقہ بلڈنگ انسپکٹر ریاض جاکھرو کی چھتری تلے یہ غیر قانونی سرگرمیاں بغیر کسی خوف کے جاری ہیں، جبکہ ادارہ جاتی کارروائیاں نہ ہونے کے برابر ہیں۔ علاقے میں تیزی سے بڑھتی خلاف ضابطہ تعمیرات کے باعث انفراسٹرکچر پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور ٹریفک، پارکنگ اور سیکیورٹی مسائل شدت اختیار کر رہے ہیں۔علاقہ مکینوں نے شکایت کی ہے کہ بلاک 2 کے پلاٹ نمبر اے 157 اور اے 110 پر جاری خلاف ضابطہ تعمیرات کے خلاف بارہا نشاندہی کے باوجود کوئی مؤثر ایکشن نہیں لیا گیا، جس سے اتھارٹی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر غیر قانونی تعمیرات کو روکا جائے اور مبینہ طور پر ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔


