رمضان کا تیسرا ہفتہ، کراچی سمیت ملک بھر میںمہنگائی کا طوفان بے قابو
شیئر کریں
رواں ہفتے کے دوران چکن، گیس، پٹرول اور ڈیزل سمیت 13 اشیاء مزید مہنگی ہو گئیں
ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 200 روپے تک مہنگا،ہفتہ وار سالانہ شرح 4۔70 فیصد پر پہنچ گئی
رمضان کا تیسرا ہفتہ، مہنگائی کا طوفان بے قابو ہو گیا، رواں ہفتے کے دوران چکن، گیس، پٹرول اور ڈیزل سمیت 13 اشیاء مزید مہنگی ہو گئیں، ہفتہ وار مہنگائی کی سالانہ شرح 4۔70 فیصد پر پہنچ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0۔37 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ مہنگائی کی سالانہ شرح 4۔70 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 13 اشیاء مہنگی جبکہ 11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ 27 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے چکن کی فی کلو قیمت میں 35 روپے 48 پیسے تک اضافہ ہوا۔اسی طرح ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر تقریباً 200 روپے تک مہنگا ہو گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ کیلے فی درجن کیلے 7 روپے سے زائد جبکہ لہسن تقریباً 6 روپے 50 پیسے تک مہنگا ہوا۔اس کے علاوہ بیف، مٹن، گڑ اور سگریٹس بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل رہے۔توانائی مصنوعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا جہاں پٹرول کی قیمت میں 8 روپے جبکہ ڈیزل فیول کی قیمت میں 5 روپے 16 پیسے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب کچھ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی بھی سامنے آئی۔ رپورٹ کے مطابق ٹماٹر فی کلو 7 روپے 14 پیسے تک سستے ہوئے جبکہ انڈے فی درجن تقریباً 20 روپے تک کم ہو گئے۔اسی طرح پیاز فی کلو 4 روپے اور آلو فی کلو 1 روپے 67 پیسے تک سستے ہوئے جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا بھی 54 روپے 53 پیسے تک سستا ہوا۔ادارہ شماریات کے مطابق دال ماش، دال مسور، چینی اور ویجیٹیبل گھی کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ بریڈ، تازہ دودھ اور دہی سمیت 27 اشیاء کی قیمتیں گزشتہ ہفتے مستحکم رہیں۔ ماہرین کے مطابق بعض بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں کمی کے باوجود توانائی اور گوشت کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مہنگائی میں مجموعی طور پر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔


