میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
مظاہرین کی ہلاکت، حکومت سندھ کا جے آئی ٹی بنانے کا اعلان

مظاہرین کی ہلاکت، حکومت سندھ کا جے آئی ٹی بنانے کا اعلان

ویب ڈیسک
پیر, ۲ مارچ ۲۰۲۶

شیئر کریں

واقعے کے تمام پہلوؤں کا غیر جانبدارانہ جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی جے آئی ٹی تشکیل
کسی بھی قسم کی توڑ پھوڑ، تشدد یا قانون ہاتھ میں لینا مناسب عمل نہیں، اعلامیہ جاری

حکومت سندھ نے کراچی میں امریکی قونصلیٹ کے باہر فائرنگ کے واقعے پر جے آئی ٹی بنانے کا اعلان کردیا۔سندھ حکومت کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا غیر جانبدارانہ جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے۔ جے آئی ٹی اس امر کا تعین کرے گی کہ واقعہ کن حالات میں پیش آیا، اس کے اسباب کیا تھے۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ حکومت سندھ امریکی قونصل خانے میں مظاہرین کے داخلے اور تصادم میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتی ہے۔ مظاہرین نے امریکی قونصل خانے کے بیرونی سیکیورٹی حصار کو عبور کرتے ہوئے اندر داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی۔ افسوسناک صورتحال میں چھ افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حکومت شہریوں کے جمہوری اور آئینی حق احتجاج کا احترام کرتی ہے، پر امن ماحول کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، کسی بھی قسم کی توڑ پھوڑ، تشدد یا قانون ہاتھ میں لینا مناسب عمل نہیں، شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنے جذبات کا اظہار صرف پر امن اور قانونی طریقے سے کریں۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ جے آئی ٹی اس بات کا تعین کرے گی کہ واقعہ کس طرح پیش آیا، محرکات کیا تھے اور ذمہ دار کون ہے، حکومت حالات کو کنٹرول میں رکھنا چاہتی ہے، تمام شہریوں کو پرامن طریقے سے احتجاج ریکارڈ کروانے کا حق حاصل ہے، قانون کو کسی بھی صورت ہاتھ میں نہ لیا جائے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں