کے ڈی اے ، محکمہ اسٹیٹ کی سنگ دلی،شہری آوارہ کتوں کے حوالے
شیئر کریں
کے ڈی اے ، محکمہ اسٹیٹ کی سنگ دلی،شہری آوارہ کتوں کے حوالے
سپرہائی وے معمار موڑ پر ڈاگ شیلٹر ہوم میں آلو پیاز کے گودام کھلوا دیے گئے
ڈاگ شیلٹرہوم سابق افسر کی ایما پر سبزی منڈی کے آڑھتی کو کرائے پر دے دیا
شہر قائد میں آوارہ کتوں کی بہتات اور سگ گزیدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے باوجود شہریوں بالخصوص معصوم بچوں کو آوارہ کتوں کے رحم و کرم پر چھوڑ کر سپرہائی وے معمار موڑ پر ڈاگ شیلٹر ہوم میں آلو پیاز کے گودام کھلوا دیے گئے ۔ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے دور میں سابق سٹی ناظم کی ہدایت پر سگ گزیدگی کے واقعات کی روک تھام کے لیے سپرہائی وے معمار موڑ کے قریب اسفالٹ پلانٹ سے ملحق سرکاری زمین پر ڈاگ شیلٹر ہوم قائم کیا گیا تھا، شہر بھر سے آوارہ کتوں کو پکڑ کر ڈاگ شیلٹر ہوم منتقل کیا جاتا تھا۔ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے خاتمہ کے بعد مذکورہ شیلٹر ہوم کے ڈی اے کے زیر انتظام چلا گیا اور اب وہاں آلو پیاز کے گودام قائم ہیں کے ڈی اے محکمہ اسٹیٹ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان مذکورہ ڈاگ شیلٹرہوم محکمہ کے ایک سابق افسر کی ایماپر سبزی منڈی کے ایک آڑھتی کو مبینہ طور پر ماہانہ کرائے پر دے دیا جس نے شیلٹر ہوم کو آلو پیاز کے گودام میں تبدیل کردیا ہے، اس سلسلے میں کے ڈی اے محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسٹمنٹ کے افسران کوئی بات چیت یا تفصیلات بتانے سے گریزاں ہیں۔


