میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پاکستان علاقائی کشیدگی میں کمی کیلئے فعال کردار ادا کرے گا(فیلڈ مارشل عاصم منیر)

پاکستان علاقائی کشیدگی میں کمی کیلئے فعال کردار ادا کرے گا(فیلڈ مارشل عاصم منیر)

ویب ڈیسک
هفته, ۲۱ جون ۲۰۲۵

شیئر کریں

پا کستان عالمی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صفِ اول پر رہا ہے،محفوظ اور پرامن دنیا کی خاطر بھاری جانی و مالی قربانیاں دی ہیں،جنرل عاصم منیر کا امریکا کا سرکاری دورہ
واشنگٹن ڈی سی میں سینئر سکالرز، تجزیہ کاروں، پالیسی ماہرین اور بین الاقوامی میڈیا نمائندوں سے ملاقات ،شرکا نے فیلڈ مارشل کے موقف کی کھلے دل سے وضاحت کو سراہا

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی کشیدگی کو کم کرنے اور تعاون پر مبنی سکیورٹی فریم ورک کے فروغ میں ذمہ دارانہ اور فعال کردار ادا رہے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا امریکا کا سرکاری دورہ جاری ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واشنگٹن ڈی سی میں سینئر سکالرز، تجزیہ کاروں، پالیسی ماہرین اور بین الاقوامی میڈیا نمائندوں سے ملاقات کی جس میں علاقائی اور عالمی مسائل سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کیا، فیلڈ مارشل نے معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی تفصیلات اور تجزیے پر روشنی ڈالی۔فیلڈ مارشل نے دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کا موقف بیان کیا، اور علاقائی عناصر کے ہائبرڈ وارفیٔر کے تحت دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والے منفی کردار کا ذکر کیا، ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے دیرینہ تعلقات کا جائزہ بھی شامل تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے مشترکہ ا سٹرٹیجک مفادات اور اقتصادی تعاون پر مبنی وسیع تعلقات پر زور دیا، علاقائی اور عالمی تنازعات کے حوالے سے پاکستانی نقطہ نظر کی بھی وضاحت کی۔فیلڈ مارشل نے دونوں ممالک کے درمیان انسداد دہشت گردی، علاقائی سلامتی اور اقتصادی ترقی جیسے شعبوں میں تعاون پر زور دیا۔اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان عالمی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صفِ اول پر رہا ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں، پاکستان علاقائی کشیدگی کو کم کرنے اور تعاون پر مبنی سکیورٹی فریم ورک کے فروغ میں ذمہ دارانہ اور فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل نے پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، معدنیات و قدرتی وسائل سمیت بے شمار مواقعوں پر روشنی ڈالی، سید عاصم منیر نے مشترکہ خوشحالی کیلئے عالمی شراکت داروں کو ان شعبوں میں تعاون کی دعوت دی۔شرکا نے فیلڈ مارشل کے موقف کی کھلے دل سے وضاحت کو سراہا اور پاکستان کی اصولی و مستقل پالیسیوں کی تعریف کی۔ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ ملاقات پاکستان کے شفاف سفارتکاری، بین الاقوامی روابط اور اصولوں پر مبنی پرامن بقائے باہمی کی پالیسی کی عکاس تھی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں