بیلا روس کا 68رکنی اعلیٰ سطح کا وفد اسلام آباد پہنچ گیا
شیئر کریں
بیلا روس کا 68رکنی اعلیٰ سطح کا وفد اتوارکواسلام آباد پہنچ گیاجبکہ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی(آج) پیرکواسلام آبادپہنچے گے ۔تفصیلا ت کے مطابق بیلا روس کا 68رکنی اعلیٰ سطح کا وفد اتوارکواسلام آباد پہنچ گیا، وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفد نے پرتپاک استقبال کیا۔ وفد میں بیلا روس کے وزیر خارجہ، وزیر توانائی، وزیر صنعت، وزیر عدل و انصاف، وزیر مواصلات، وزیر قدرتی وسائل، وزیر ہنگامی حالات اور چیئرمین ملٹری انڈسٹری کمیٹی شامل ہیں۔ وفد میں بیلاروس کی 43بڑی کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے بیلاروس کے وزیر خارجہ میکسم ریجنکوف اور وزیر توانائی سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ وفد کو اسلام آباد آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان کی حکومت اور عوام بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی آج پیرکو آمد کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیلاروس کے صدر کا دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، پاکستان بیلاروس کے ساتھ تعلقات کو مختلف شعبوں میں آگے بڑھانے کا خواہاں ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ دورے سے دونوں ممالک کے مابین صنعت اور تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔