کراچی میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر مہنگی اشیا ء فروخت
شیئر کریں
رواں ہفتے بھی یوٹیلیٹی اسٹورز اوپن مارکیٹ کی نسبت بہت مہنگے ہوگئے۔سرکاری دستاویز کے مطابق مارکیٹ اور اسٹورز پر آٹے کی قیمت میں فرق 57.08فیصد تک پہنچ گیا، جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 20کلو کا تھیلا اوپن مارکیٹ کی نسبت 996روپے مہنگا یعنی 2740روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔دستاویزمیں بتایا گیا کہ اوپن مارکیٹ میں 20کلو کا تھیلا 1744روپے میں دستیاب ہے اس کے علاوہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی اوپن مارکیٹ کی نسبت 12.72 روپے مہنگی فروخت کی جارہی ہے، اوپن مارکیٹ میں چینی 142.28، جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 155روپے میں فروخت کی جارہی ہے۔اسی طرح اوپن مارکیٹ کی نسبت یوٹیلیٹی اسٹورز پر سیلا چاول 39.43 روپے مہنگے فروخت کیے جارہے ہیں، اسٹور پر سیلا چاول 345 ، عام مارکیٹ میں 305.57 روپے میں دستیاب ہیں۔یوٹیلیٹی اسٹورز پر دال مسور اوپن مارکیٹ کی نسبت 17.61 روپے مہنگی فروخت کی جارہی ہے، عام مارکیٹ میں دال مسور 312.39 ، یوٹیلیٹی اسٹورز پر 330 روپے میں فروخت کی جارہی ہیں۔