نومنتخب امیرحافظ نعیم الرحمان نے عہدے کا حلف اٹھا لیا
شیئر کریں
نومنتخب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، حافظ نعیم الرحمان حلف لیتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔حلف اٹھانے کے بعد جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے حافظ نعیم الرحمان کو مبارکباد دی، حلف برداری کے بعد سراج الحق سے گلے ملتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن کی آنکھیں بھر آئیں۔حلف اٹھانے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تحریک کو 76سال ہو گئے ہیں، یہ تحریک امن کے قیام کی تحریک ہے، یہ تحریک ظلم اور فساد کو مٹانے کی تحریک ہے۔امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ یہ تحریک ایک منظم تحریک ہے، ہم سازشوں کے ذریعے اقتدار حاصل نہیں کریں گے، ہم جمہور کی طاقت سے انقلاب لانا چاہتے ہیں۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کشمیر مسئلہ آج تک اقوام متحدہ میں حل طلب ہے، فلسطین میں 35 ہزار سے زائد لوگ شہید ہو چکے ہیں، دنیا میں جمہوری اقدار اپنیاعلانات کے مطابق نہیں، دہشت گرد ملک فلسطینیوں کو مار رہا ہے یہ کونسی جمہوریت ہے؟۔انہوں نے سراج الحق کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سراج الحق نے باپ کی طرح سب کو ساتھ رکھا، سراج الحق نے اس تحریک کی بھرپور طریقے سے قیادت کی ہے، جماعت اسلامی انشااللہ پوری قوم کو لیڈ کریگی، امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم اپنی پالیسی کے مطابق آگے بڑھیں گے۔امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فارم 47 والے پاکستان کی قیادت کے اہل نہیں، یہ زبردستی مسلط کئے گئے ہیں، فارم 47 والوں کے خلاف ایک بڑی تحریک لے کر چلیں گے۔