سوئی ناردرن نے صارفین پر اربوں روپے کے اضافی ماہانہ فکسڈ چارجز لگا دیے
جرات ڈیسک
جمعه, ۲۲ دسمبر ۲۰۲۳
شیئر کریں
سوئی ناردرن گیس نے صارفین پر اربوں روپے کے اضافی ماہانہ فکسڈ چارجز لگا دیے۔ ذرائع کے مطابق اوگرا نے خاموشی سے فکسڈ چارجز وصولی کی اجازت دے دی ہے اور فکسڈ چارجز نومبر کے گیس بلوں میں شامل کرکے بل جاری کیے گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ 0.9 ہیکٹا میٹر گیس استعمال والے پروٹیکٹڈ صارفین ماہانہ 400 روپے فکسڈ چارجز دیں گے جب کہ 1.5ہیکٹا میٹر تک استعمال والے نان پروٹیکٹڈ صارفین ایک ہزار روپے اضافی بل دیں گے۔ اس حوالے سے سوئی ناردرن گیس حکام کا کہنا ہے کہ ماہانہ فکسڈ چارجز حکومت کی منظوری سے شامل کیے گئے ہیں، یہ صارفین سے زیادتی ہے لیکن ہم مجبور ہیں۔ سوئی گیس حکام نے کہا کہ صارفین اس فکسڈ چارجز کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرسکتے ہیں، اندازہ ہیکہ صارفین سے لیے جانے والے یہ سالانہ 60 سے 70 ارب روپے بنتے ہیں۔