کرپشن کیس: شرجیل میمن سمیت ملزمان اور گواہان کو پیش ہونے کا حکم
شیئر کریں
کراچی کی احتساب عدالت نے پونے 6 ارب کی کرپشن کے کیس میں آئندہ سماعت پر رہنما پی پی پی اور سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن سمیت ملزمان اور گواہان کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ بدھ کو کراچی کی احتساب عدالت میں رہنما پی پی پی اور سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کے خلاف پونے6 ارب کی کرپشن کیس کی سماعت ہوئی، شرجیل میمن سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے نیب ترمیم کے تحت عدالت کے دائرہ اختیار کو چیلنج کرنے کی ملزمان کی درخواست مسترد کر دی اور آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کر لیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیس کا ٹرائل جہاں رکا تھا وہیں سے شروع کیا جائے گا، گواہان کو بلاتے ہیں اور کیس کو چلاتے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ سپریم کورٹ کا حکم نامہ ملا ہے، عدالت عظمیٰ کے احکامات پر عمل کیا جائے گا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان اور ملزمان کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے ریفرنس کے سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی کردی۔