ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، بلدیہ ٹاؤن میں جعلی ادویات تیار کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب
شیئر کریں
کروڑوں روپے مالیت کی جعلی ادویات اور مشینری برآمد
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایف آئی اے نے ایک بڑی کارروائی میں بلدیہ ٹاؤن میں جعلی ادویات تیار کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارہ ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بلدیہ ٹاؤن میں جعلی ادویات تیار کرنے والے منظم نیٹ ورک کے خلاف کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران معروف کمپنیوں کے نام پر تیار کی جانے والی بڑی مقدار میں جعلی جنسی ادویات برآمد کر لیں، جبکہ ادویات کی تیاری میں استعمال ہونے والی مشینری اور دیگر متعلقہ سامان بھی قبضے میں لے لیا۔
چھاپے کے دوران گودام سے برآمد ہونے والی جعلی ادویات، خام مال اور مشینری کی مجموعی مالیت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان معروف ادویہ ساز کمپنیوں کے نام اور پیکنگ کا غیر قانونی استعمال کرتے ہوئے جعلی ادویات تیار کر کے مارکیٹ میں فروخت کر رہے تھے، جس سے نہ صرف قومی معیشت کو نقصان پہنچ رہا تھا بلکہ شہریوں کی صحت بھی شدید خطرات سے دوچار تھی۔
ایف آئی اے نے تمام جعلی ادویات، مشینری اور دیگر شواہد قبضے میں لے لی ہیں، جبکہ نیٹ ورک میں ملوث ملزمان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ادارہ کی جانب سے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ اس منظم نیٹ ورک کے تمام سہولت کاروں، سپلائرز اور دیگر ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
(رپورٹ:افتخار چوہدری)


