مولانا فضل الرحمن نے احتجاج نہ کر نے کی درخواست مسترد کردی
شیئر کریں
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے وفاقی وزیر کی جانب سے سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج نہ کر نے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ہم اعلان کر چکے ہیں ، فیصلہ اب عوام کی عدالت میں ہوگا ، کارکن پر امن ہیں اور احتجاج پر امن ہوگا ۔ اتوار کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ۔وفاقی وزراء نے مولانا فضل الرحمان سے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج نہ کرنے کی اپیل کردی ۔ وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہاکہ کچھ روز قبل بھی ملک میں حالات خراب ہوئے، وفاقی حکومت چاہتی ہے کہ پی ڈی ایم ڈی چوک پر احتجاج کرے۔ مولانا فضل الرحمان نے اسحاق ڈار اور رانا ثناء اللہ کی درخواست مسترد کردی ۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ہم اعلان کر چکے ہے فیصلہ اب عوام کی عدالت میں ہوگا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ملک بھر سے قافلے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوچکے ہیں، کارکنان پر امن ہے اور پر امن احتجاج ہوگا۔ سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ ہمارے کارکنان ایک گملہ یا پودہ بھی نہیں توڑے گے، ہم پر امن لوگ ہے۔ انہوںنے کہاکہ (آج)پیر کو عوام نکلیں گے اور فیصلہ بھی عوام کی عدالت میں اب ہوگا۔