آرمی چیف کا دورہ چین، باہمی سلامتی،فوجی تعاون پر تبادلہ خیال
شیئر کریں
آرمی چیف جنرل عاصم منیر چار روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے ہیں جہاں پہلے روز آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) ہیڈ کوارٹرز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔جنرل عاصم منیر نے چاق و چوبند دستے کا معائنہ کیا جس کے بعد پی ایل اے کے کمانڈر کے ساتھ تفصیلی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی سلامتی کے امور اور فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں فوجی کمانڈروں نے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے اور فوجی تعاون بڑھانے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف نے پی ایل اے کے دستوں کی آپریشنل صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی دیکھا۔آرمی چیف نے تربیت کے اعلیٰ معیار اور فوجیوں کی طرف سے دکھائے گئے پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ آرمی چیف دونوں افواج کے درمیان دیرینہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے چین میں فوجی رہنماؤں سے مزید ملاقاتیں کریں گے۔یہ ملاقاتیں آرمی چیف کے چین کے چار روزہ دورے کا حصہ ہیں۔