کلفٹن کہکشاں سوسائٹی کے کنورٹڈ پلاٹ پر عمارت بنانے کا نقشہ منظور
شیئر کریں
(وقائع نگار خصوصی) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کلفٹن کہکشاں سوسائٹی کے 2 ہزار گز سے بڑے کنورٹڈ (Converted) پلاٹ پر کثیر المنزلہ عمارت بنانے کا نقشہ منظور کرلیا، کنوروٹڈ پلاٹ پر نقشہ منظوری کے عوض سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے بلڈر سے کروڑوں روپے بھتہ وصول کیا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے آئینی پٹیشن نمبر 2006 / 815-K میں 22 جنوری 2019 میں فیصلہ دیا تھا کہ کسی بھی پلاٹ کی اصل حیثیت کو تبدیل نہیں کیا جائے گا اور جن پلاٹوں کی اصل حیثیت تبدیل کی گئی ہے وہ فوری طورپر منسوخ کردی گئی ہے ذریعے کا کہنا ہے کہ 19 دسمبر 2006 میں پلاٹ نمبر F-107 بلاک 7 اسکیم 5 کہکشاں سوسائٹی کلفٹن جس کا کل رقبہ 2133.33 گز تھا اس کی اصل حیثیت رہائشی کو تبدیل کرکے کمرشل کیا گیا جس کے بعد بلڈر کی جانب سے رواں برس سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے مذکورہ پلاٹ پر کثیر المنزلہ عمارت کا نقشہ منظور کرالیا گیا ایس بی سی اے ذریعے کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق جس پلاٹ کی اصل حیثیت تبدیل کی گئی ہے اس پر کمرشل تعمیرات کا نقشہ منظور نہیں ہوسکتا لیکن سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے بھاری رشوت کے عوض کثیر المنزلہ عمارت کا نقشہ منظور کیا جس کے بعد بلڈر کی جانب سے مذکورہ پلاٹ پر تعمیرات کا آغاز کردیا گیا جبکہ مذکورہ پلاٹ پر کثیر المنزلہ عمارت میں فلیٹوں اور دکانوں کی بکنگ لینا بھی شروع کردی گئی ہے اس حوالے سے حکومت سندھ کی ہیومن رائٹس ویجلنس کمیٹی کی ممبر روزینہ عزیز نے بتایا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے مذکورہ پلاٹ کا نقشہ غیر قانونی طورپر منظور کیا ہے انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس پروجیکٹ میں سرمایہ کاری سے قبل مکمل معلومات حاصل کریں۔


