میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
لطیف آباد میں تعمیراتی لاقانونیت عروج پر

لطیف آباد میں تعمیراتی لاقانونیت عروج پر

جرات ڈیسک
پیر, ۳۱ اگست ۲۰۲۶

شیئر کریں

لطیف آباد یونٹ نمبر 10میں بلند عمارتوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری ، اورنگ زیب رضی ملوث

اینٹی کرپشن اور سندھ بلڈنگ کے ڈائریکٹر جنرل سے فوری شفاف انکوائری کرانے کا مطالبہ

حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد یونٹ نمبر 10میں بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر کا سلسلہ رک نہ سکا، جس پر شہری اور سماجی حلقوں کی جانب سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی نگرانی اور کارروائی کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں تعمیر ہونے والی بلند و بالا عمارتوں کی قانونی حیثیت، منظور شدہ نقشوں اور تعمیراتی اجازت ناموں کی مکمل جانچ ضروری ہے تاکہ حقائق سامنے آسکیں۔

شہریوں کے مطابق موجودہ ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حیدرآباد اورنگزیب رضی کی موجودگی میں لطیف آباد یونٹ نمبر 10 میں بلند و بالا تعمیرات کا سلسلہ جاری رہنے پر سوالات پیدا ہو رہے ہیں۔

شہریوں کا مطالبہ ہے کہ ان تمام تعمیرات کا مکمل ریکارڈ حاصل کرکے جانچ کی جائے کہ عمارتیں منظور شدہ نقشوں اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے قوانین و ضوابط کے مطابق تعمیر کی جا رہی ہیں یا نہیں۔

ذرائع کے مطابق بعض تعمیرات میں مبینہ طور پر منظور شدہ نقشوں سے تجاوز اور اضافی منزلوں کی تعمیر کے حوالے سے شکایات بھی سامنے آئی ہیں، تاہم ان مبینہ خلاف ورزیوں کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے پر شہری حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے

۔شہری اور سماجی حلقوں نے اینٹی کرپشن حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ لطیف آباد یونٹ نمبر 10 میں جاری بلند و بالا تعمیرات کی مکمل اور غیر جانبدارانہ جانچ کی جائے ، جبکہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل وسیم شمشاد سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر شفاف محکمانہ انکوائری کرائی جائے ۔

مطالبہ کیا گیا ہے کہ یونٹ نمبر 10 میں زیر تعمیر اور مکمل ہونے والی بلند و بالا عمارتوں کے منظور شدہ نقشے ، تعمیراتی اجازت نامے ، معائنہ رپورٹس اور متعلقہ بلڈنگ انسپکٹروں کی کارروائیوں کا ریکارڈ چیک کیا جائے ۔

اگر تحقیقات کے دوران کسی افسر، اہلکار، بلڈر یا دیگر متعلقہ فرد کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال، غفلت، مبینہ ملی بھگت یا قواعد کی خلاف ورزی ثابت ہو تو ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز قانونی اور محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

شہریوں نے مطالبہ کیا کہ لطیف آباد یونٹ نمبر 10 میں بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر کے معاملے کی مکمل چھان بین کرکے حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں اور اگر کسی تعمیر میں قوانین کی خلاف ورزی ثابت ہو تو اسے فوری طور پر روکا جائے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں