عالمی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی خدمات جاری رہیں گی،وزیراعظم
شیئر کریں
پاکستان اقوام متحدہ کے امن دستوںکیلئے سب سے بڑے شراکت دار ممالک میں شامل ہے
آج کا دن اقوام متحدہ کے پہلے امن مشن کے قیام کی یاد کو تازہ کرتا ہے، عالمی دن پر پیغام
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی امن کے قیام میں امن دستوں کے کردار کو نہایت موثر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن دستوں کے لئے سب سے دیرینہ اور بڑے شراکت دار ممالک میں شامل ہے۔ اقوام متحدہ امن دستوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان اقوام عالم کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ امن دستوں کے عالمی دن پر امن کے سپاہیوں کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ عالمی سطح پر ہر سال یہ دن دنیا کے جنگ زدہ علاقوں میں اقوام متحدہ کے پرچم تلے عسکری، پولیس اور سویلین دستوں کی خدمات اور قربانیوں کے اعتراف میں منایا جاتا ہے۔ اس سال یہ دن ’’امن کے فروغ میں سرمایہ کاری‘‘ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔ یہ موضوع پائیدار عالمی امن اور انسانی جانوں کے تخفظ کے فروغ میں پرعزم سیاسی حمایت اور مالی معاونت کی کلیدی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن اقوام متحدہ کے پہلے امن مشن کے قیام کی یاد کو بھی تازہ کرتا ہے جس نے 1948ء میں فلسطین میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں۔ امن دستوں کی تاریخ میں 20 لاکھ سے زیادہ مرد و خواتین 70 سے زائد امن مشنز میں خدمات سرانجام دے چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن دستوں کے لئے سب سے دیرینہ اور بڑے شراکت دار ممالک میں شامل ہے۔ عالمی امن کے قیام اور تخفظ میں ان ممالک کا امن دستوں کیتوسط سے نہایت موثرکردار ہے۔ یہ کردار بلاشبہ اجتماعی طور پر امن کی ترجیح کا آئینہ دار ہے۔ وزیراعظم نے یاد دلایا کہ پاکستان 1960ء سے لے کراب تک 235000 اہلکاروں کے ساتھ 48 سے زائد امن دستوں میں اپنی خدمات پیش کر چکا ہے جن میں 500 سے زائد خواتین اہلکار بھی شامل ہیں۔ یہ امر پوری قوم کے لئے باعث فخر ہے کہ اقوام متحدہ کے امن دستوں کے لئے پاکستان پانچواں بڑا شراکت دار ہے۔ دنیا بھر میں امن کے قیام کے لیے خدمات انجام دینے والے بہادر امن دستوں نے انسانیت کے تحفظ اور عالمی استحکام کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے جو امن کے ساتھ ان کی پرخلوص وابستگی کا مظہر ہے۔ اب تک 4 ہزار 400 سے زائد امن اہلکار فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہو چکے ہیں جن میں 181 سے زائد پاکستانی شامل ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو اپنے شہداء اور ان بہادر سپوتوں پر فخر ہے جو دنیا کے مختلف خطوں میں امن، استحکام اور انسانیت کے تحفظ کے لیے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور غیر معمولی عزم کے ساتھ خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز کے توسط سے عالمی امن کو مزید موثر کرنے میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھنے کیعزم کا اعادہ کرتا ہے۔ پاکستان کا یہ تعاون عالمی امن و استحکام اور کثیر الجہتی سفارت کاری پر ہمارے غیر متزلزل عزم کا عکاس ہے۔


