امریکا میں سمندری طوفان، 10 لاکھ صارفین بجلی سے محروم، 3500 پروازیں متاثر
شیئر کریں
پنسلوانیا، نیو جرسی اور نیویارک میں ہنگامی حالت نافذ، 100 سالہ تاریخ میں پہلی بار پریڈ ملتوی کردی گئی،امریکی حکام
امریکا کی مختلف ریاستوں میں شدید سمندری طوفان، 50 سے 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائوں اور طوفانی بارشوں نے نظامِ زندگی درہم برہم کر دیا ہے جس کے نتیجے میں تقریباً 10لاکھ صارفین بجلی سے محروم ہو گئے جبکہ 3500سے زائد پروازیں متاثر ہوئیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی حکام نے بتایا کہ پنسلوانیا، نیو جرسی، میری لینڈ، ورجینیا، مسوری اور نیویارک میں درخت جڑوں سے اکھڑ کر بجلی کی تاروں پر گرنے سے ترسیل منقطع ہوئی جبکہ کموڈور بیری برج سمیت کئی پل ٹریفک کیلئے بند کر دیے گئے۔
نیویارک اور نیو جرسی کے گورنرز نے سیلاب اور طوفان کے خطرے کے پیشِ نظر ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے جبکہ نیویارک شہر کی مشہور سالانہ میسیز تھینکس گیونگ ڈے پریڈ کو اپنی 100 سالہ تاریخ میں پہلی بار موسم کی خرابی کے باعث ملتوی کر کے ہفتے تک موخر کر دیا گیا۔


