میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
کاش۔۔۔!! کوئی ہمیں بتا سکتا

کاش۔۔۔!! کوئی ہمیں بتا سکتا

جرات ڈیسک
هفته, ۲۸ نومبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

ایسا بھی ہوتا ہے !!

جو چیزیں دیر سے ملتی ہیں،وہ ہماری اپنی نہیں رہتیں، اور نہ ہی ہم پہلے جیسے رہتے ہیں،انتظار کرتے کرتے ہم خود کو تھکا چکے ہوتے ہیں اور ان چیزوں تک پہنچنے کے سفر میں ہماری روح کے نقوش بدل چکے ہوتے ہیں،جب بالآخر ہم اپنی برسوں پرانی خواہش کوپالیتے ہیں تو احساس ہوتا ہے کہ شوق کی وہ آگ بجھ چکی ہے ، اور ہم اپنی ہی پرانی آرزوؤں کیلئے اجنبی بن چکے ہیں۔

ایسا بھی ہوتا ہے!!

ہم جن لوگوں کیلئے اپنی زندگی کے کئی خوبصورت لمحے قربان کردیتے ہیں، ایک وقت ایسا آتا ہے کہ وہی لوگ ہماری زندگی میں اجنبی بن کر رہ جاتے ہیں، جن کی ایک آواز سننے کیلئے ہم بے چین رہا کرتے تھے ، ان کی موجودگی بھی اب کوئی خاص احساس پیدا نہیں کرتی۔ شاید فاصلے ہمیشہ راستوں سے نہیں آتے ، بعض اوقات رویے اتنی دوریاں پیدا کردیتے ہیں کہ برسوں کی قربت بھی ان کے سامنے بے معنی ہوجاتی ہے ۔

ایسا بھی ہوتا ہے !!
کچھ خواب ہماری آنکھوں میں اس قدر جگہ بنا لیتے ہیں کہ ہم حقیقت کو دیکھنا ہی بھول جاتے ہیں۔ ہم اپنی ساری توانائیاں ان خوابوں کی تعبیر تلاش کرنے میں صرف کردیتے ہیں، مگر جب حقیقت سامنے آتی ہے تو معلوم ہوتا ہے کہ خواب تو پورا ہوگیا، لیکن اس خواب کے پیچھے بھاگتے ہوئے ہم زندگی کے کتنے حسین موسم کھو چکے ہیں۔ بعض کامیابیاں اپنے ساتھ خوشی سے زیادہ ایک عجیب سی خاموشی لے کر آتی ہیں۔

ایسا بھی ہوتا ہے!!
ہم کسی کے بدل جانے کا شکوہ کرتے رہتے ہیں، مگر کبھی اپنے اندر جھانک کر نہیں دیکھتے کہ ہم خود بھی تو پہلے جیسے نہیں رہے ۔ وقت صرف چہروں سے رونق نہیں چھینتا، احساسات کی ترتیب بھی بدل دیتا ہے ۔ جو باتیں کبھی دل کو چھو جاتی تھیں، اب ان پر کوئی ردعمل نہیں ہوتا۔ جن رویوں پر کبھی رات بھر نیند نہیں آتی تھی، اب وہی رویے ہمیں حیران بھی نہیں کرتے ۔ شاید زندگی کا سب سے بڑا بدلاؤ یہی ہے کہ انسان بہت کچھ محسوس کرنا چھوڑ دیتا ہے ۔

ایسا بھی ہوتا ہے !!
کچھ رشتے ختم نہیں ہوتے ، بس ان میں سے زندگی نکل جاتی ہے ۔ گفتگو باقی رہتی ہے ، رابطے بھی قائم رہتے ہیں، ملاقاتیں بھی ہوجاتی ہیں، مگر وہ بے ساختگی کہیں کھو جاتی ہے جو کبھی ان رشتوں کی پہچان ہوا کرتی تھی۔ ہم ایک دوسرے کا حال بھی پوچھتے ہیں، مسکراتے بھی ہیں، لیکن دل کے اندر کہیں معلوم ہوتا ہے کہ اب ہم ایک دوسرے کی دنیا کا حصہ نہیں رہے ۔ تعلقات کبھی کبھی موجود رہ کر بھی ختم ہوجاتے ہیں۔

ایسا بھی ہوتا ہے !!
انسان ساری زندگی کسی ایک لمحے کے انتظار میں گزار دیتا ہے ۔ اسے لگتا ہے کہ بس وہ ایک دن آجائے ، ایک خواہش پوری ہوجائے ، کوئی ایک شخص واپس آجائے یا کوئی ادھورا معاملہ اپنے انجام کو پہنچ جائے تو زندگی مکمل ہوجائے گی۔ لیکن جب وہ لمحہ آتا ہے تو زندگی اپنی رفتار سے آگے نکل چکی ہوتی ہے ۔ تب احساس ہوتا ہے کہ ہم جس منزل کو زندگی سمجھ بیٹھے تھے ، وہ تو محض ایک پڑاؤ تھا، اور اس پڑاؤ تک پہنچتے پہنچتے زندگی کے کئی قیمتی دن پیچھے رہ گئے ۔

ایسا بھی ہوتا ہے !!
ہم جن باتوں کو کبھی اپنی زندگی کا سب سے بڑا مسئلہ سمجھتے ہیں، وقت گزرنے کے بعد وہی باتیں معمولی محسوس ہونے لگتی ہیں۔ جن لوگوں کی ناراضی ہمارے لیے ناقابل برداشت ہوتی تھی، ان کی خاموشی بھی اب ہمیں پریشان نہیں کرتی۔ جن جگہوں پر جانے کی خواہش میں دل بے قرار رہتا تھا، وہاں سے گزر کر بھی قدم نہیں رکتے ۔ شاید وقت ہر چیز کو ختم نہیں کرتا، کچھ چیزوں کی ہمارے اندر اہمیت ختم کردیتا ہے ۔ اور پھر ایک دن ہم پیچھے مڑ کر دیکھتے ہیں تو حیران ہوتے ہیں کہ جن باتوں نے کبھی ہمیں پوری طرح گھیر رکھا تھا، وہ اب ہماری یادوں میں بھی دھندلی پڑ چکی ہیں۔

اور آخرمیں!!
ہمارے پاس صرف چند یادیں رہ جاتی ہیں، کچھ ادھورے احساسات اور ایک ایسا وجود، جو سب کچھ پا لینے کے بعد بھی جانے کیوں خود کو بہت کچھ کھو چکا محسوس کرتا ہے ۔
کاش !!
کوئی ہمیں بتا سکتا کہ ہر انتظار کے آخر میں خوشی نہیں ہوتی، کچھ انتظار انسان سے اس کی عمر، اس کے خواب، اس کی معصومیت اور کبھی کبھی جینے کی وجہ بھی لے جاتے ہیں ۔
٭٭٭


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں