میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
حیدرآباد کی سڑکوں اور آٹو بھان روڈ پر موت کا رقص

حیدرآباد کی سڑکوں اور آٹو بھان روڈ پر موت کا رقص

جرات ڈیسک
هفته, ۲۸ نومبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

حیدرآباد میں ٹریفک کی صورتحال ایک سنگین شہری مسئلہ بن چکی ہے ۔ شہر کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی بدنظمی، غیر قانونی پارکنگ، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور تیز رفتاری کے باعث شہریوں کو روزانہ آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ خصوصاً آٹو بھان روڈ کی ازسرنو تعمیر کے بعد اس شاہراہ پر تیز رفتاری کے باعث ٹریفک حادثات میں اضافہ تشویش ناک ہے ۔ کئی بے گناہ شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے آٹو بھان روڈ پر موت رقص کر رہی ہے ۔گزشتہ دنوں لطیف آباد میں آٹو بھان روڈ پر ماں جی ہسپتال کے قریب ایک افسوس ناک حادثہ پیش آیا، جہاں تیز رفتار نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار دی اور ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ شدید زخمی موٹر سائیکل سوار کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت عطا محمد کے نام سے ہوئی، جو لطیف آباد نمبر 11کے رہائشی اور حالی روڈ واپڈا میں ملازم تھے ۔اسی طرح 20 نومبر 2026 کو صدر کینٹ کے علاقے میں چاندنی شاپنگ سینٹر روڈ پر ایک اور افسوس ناک حادثہ پیش آیا، جس میں موٹر سائیکل سوار طالب علم مرزا مسعود بیگ واٹر ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق ہوگئے ۔ ان کی عمر تقریباً 15 سے 17 سال بتائی گئی۔ وہ ایم کیو ایم حیدرآباد کے مقامی رہنما شکیل بیگ المعروف شکیل باکسر کے صاحبزادے تھے ۔ اطلاعات کے مطابق وہ موٹر سائیکل پر اسکول جا رہے تھے ، تاہم بعض اطلاعات میں واپسی کا ذکر بھی کیا گیا۔ شدید زخمی حالت میں انہیں سول اسپتال (لیاقت یونیورسٹی اسپتال) منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئے ۔ کینٹ پولیس نے حادثے کے ذمہ دار واٹر ٹینکر کو تحویل میں لے لیا۔

یہ واقعات ہمارے ٹریفک نظام کی سنگین خامیوں اور انسانی جانوں کے عدم تحفظ کی نشاندہی کرتے ہیں۔ کم عمر ڈرائیوروں کی من مانیاں، غیر تربیت یافتہ نوجوانوں کی خطرناک ڈرائیونگ اور تیز رفتاری شہریوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن چکی ہیں۔ افسوس کہ حادثات اور قانونی کارروائیوں کے باوجود ان رجحانات پر قابو پانے میں متعلقہ انتظامیہ اور پولیس مؤثر کردار ادا نہیں کر پا رہی۔ آخر کب تک معصوم شہری ان کی لاپروائی کا شکار بنتے رہیں گے ؟

آٹو بھان روڈ پر حادثات کی بڑی وجوہات میں تیز رفتاری، ون وے کی خلاف ورزی، غیر محتاط ڈرائیونگ اور رات کے اوقات میں خطرناک کرتب، ڈرفٹنگ اور ون ویلنگ شامل ہیں۔ رکشوں اور موٹر سائیکلوں کا غلط سمت میں چلنا بھی حادثات کا سبب بن رہا ہے ۔ دوسری جانب مصروف اوقات، خصوصاً اسکولوں کی چھٹی کے وقت، محمدی چوک جیسے اہم مقامات پر رکشوں کی بے ترتیب پارکنگ اور سڑکوں پر قبضے کے باعث ٹریفک جام رہتا ہے ۔ پیدل چلنے والوں اور بچوں کے لیے محفوظ راستوں کی کمی بھی ایک اہم مسئلہ ہے ۔ضلعی انتظامیہ نے تیز
رفتاری پر قابو پانے کے لیے آٹو بھان روڈ کے بعض مقامات پر اسپیڈ بریکرز لگانے کا عمل شروع کیا ہے ، لیکن صرف چند اسپیڈ بریکرز اس مسئلے کا مستقل حل نہیں۔ اس کے لیے ٹریفک پولیس کی باقاعدہ نگرانی، ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی اور حد رفتار پر سختی سے عملدرآمد ضروری ہے ۔ سڑک کی نئی تعمیر اور فیز ٹو کے کاموں کے ساتھ ساتھ رات کے اوقات میں اسٹریٹ لائٹس کی کمی اور آوارہ جانوروں کی موجودگی بھی حادثات کے خطرات بڑھا رہی ہے ۔

آٹو بھان روڈ شہر کی خوبصورت اور جدید شاہراہوں میں شمار ہوتا ہے ، مگر افسوس کہ رات کے اندھیرے میں بعض نوجوانوں کی خطرناک ڈرائیونگ اور ڈرفٹنگ کے باعث یہی سڑک موت کا جال بنتی جا رہی ہے ۔ کیا اس شاہراہ پر صرف قیمتی اور تیز رفتار گاڑیاں رکھنے والوں کا حق ہے؟ یہاں دن بھر محنت کرنے والا مزدور، اپنے بچوں کے پاس گھر لوٹنے والا باپ اور موٹر سائیکل پر سفر کرنے والا عام شہری بھی گزرتا ہے ۔

کسی کی چند لمحوں کی بے احتیاطی اگر کسی بے گناہ کی جان لے لے تو اس کے اجڑنے والے خاندان کا ذمہ دار کون ہوگا؟ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کو چاہیے کہ رات کے اوقات میں ڈرفٹنگ اور ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے فوری کریک ڈاؤن کریں، سخت ایس او پیز نافذ کریں اور مستقل ناکہ بندی یقینی بنائیں۔ گاڑی چلانے والوں کو بھی سمجھنا چاہیے کہ سڑک کسی ایک شخص کی ملکیت نہیں، دوسروں کی زندگی بھی اتنی ہی قیمتی ہے ۔ اپنی رفتار پر قابو رکھنا اور ٹریفک قوانین کی پابندی کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے ۔

حیدرآباد میں ٹریفک کی بدنظمی کا ایک بڑا سبب غیر قانونی پارکنگ بھی ہے ۔ سڑکوں کے کناروں اور زیبرا کراسنگ پر بے ترتیب گاڑیوں کی پارکنگ، رکشوں اور سوزوکیوں کے غیر قانونی اسٹینڈز اور ٹریفک قوانین پر کمزور عملدرآمد کے باعث اہم چوکوں اور شاہراہوں پر ٹریفک جام رہتا ہے ۔ رش کے اوقات میں ٹریفک اہلکاروں کی کمی سے اسکول جانے والے طلبہ، مسافروں اور مریضوں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔حیدرآباد شہر پہلے ہی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، سیوریج کے جمع پانی، تجاوزات اور دیگر بنیادی شہری مسائل کا شکار ہے ۔ اب جہاں کچھ سڑکیں قابل استعمال ہیں، وہاں بھی غیر منظم پارکنگ اور ٹریفک کی بدنظمی شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہی ہے ۔ انتظامیہ کو غیر قانونی پارکنگ ختم کرکے رکشوں اور سوزوکیوں کے لیے مناسب اسٹینڈز مقرر کرنے چاہییں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور شہری سکون سے سفر کرسکیں۔

شہریوں کو بھی اپنی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہییں۔ آٹو بھان روڈ کی کشادگی دیکھ کر غیر ضروری رفتار بڑھانے کے بجائے اسپیڈ بریکرز، یو ٹرنز اور کراسنگز پر رفتار دھیمی رکھنی چاہیے ۔ بائیں لین میں غلط سمت سے آنے والے رکشوں اور موٹر سائیکلوں سے ہوشیار رہنا، رات کے وقت درست ہیڈ لائٹس استعمال کرنا اور اوورٹیکنگ سے گریز کرنا ضروری ہے ۔ اسکولوں کی چھٹی اور رات کے اوقات میں رش کے دوران لین کی پابندی اور پیدل چلنے والوں کو راستہ دینا بھی ہر ڈرائیور کا فرض ہے ۔

کمشنر حیدرآباد، ڈپٹی کمشنر، میئر حیدرآباد اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے پرزور اپیل ہے کہ آٹو بھان روڈ پر بڑھتے ہوئے جان لیوا حادثات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے عملی اقدامات کریں۔ خصوصاً گڈو چوک سے فتح چوک تک آٹو بھان روڈ کا خصوصی حفاظتی جائزہ لیا جائے، جدید اسپیڈ کیمرے نصب کیے جائیں، نمایاں وارننگ سائن بورڈز لگائے جائیں اور حادثات کے حساس مقامات کی نشاندہی کرکے ان کے تدارک کے لیے واضح مدت مقرر کی جائے ۔اس شاہراہ پر پیدل چلنے والوں کی حفاظت کے لیے محفوظ پیدل گزرگاہوں کا انتظام بھی ناگزیر ہے ۔ اہم مقامات پر سڑک عبور کرنے کے لیے اوورہیڈ برج تعمیر کیے جائیں تاکہ طلبہ، خواتین، بزرگوں اور دیگر شہریوں کو تیز رفتار ٹریفک کے درمیان سے گزرنے پر مجبور نہ ہونا پڑے ۔ اوورہیڈ برج کی تعمیر کے ساتھ اس کے دونوں جانب مناسب سیڑھیوں اور ضرورت کے مطابق دیگر سہولتوں کا انتظام بھی کیا جائے تاکہ شہری اسے باآسانی استعمال کرسکیں۔

میونسپل اداروں، ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کو باہمی رابطے سے ایک مربوط حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے تاکہ حفاظتی اقدامات محض اعلانات تک محدود نہ رہیں بلکہ ان پر مقررہ مدت میں عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے ۔ جدید اسپیڈ کیمروں کے ذریعے خلاف ورزی کرنے والوں کی نگرانی، مؤثر ٹریفک گشت اور حادثات کے مقامات پر فوری اصلاحی اقدامات شہریوں کی جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔حیدرآباد میں ای چالان کا نظام نافذ کیا جائے ، گاڑیوں کی حد رفتار مقرر کی جائے ، ٹریفک سگنلز فعال بنائے جائیں اور تمام یو ٹرنز پر مضبوط اور محفوظ اسپیڈ بریکرز تعمیر کیے جائیں۔ اہم مقامات پر مستقل ٹریفک اہلکار تعینات کرنے ، رات کے اوقات میں پولیس موبائل کا گشت بڑھانے اور خطرناک ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی بھی ضرورت ہے ۔

موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ اور گاڑی چلانے والوں کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کی پابندی یقینی بنائی جائے ۔ کم عمر اور غیرتربیت یافتہ ڈرائیوروں کو گاڑیاں چلانے سے روکا جائے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔ آٹو بھان روڈ کی خوبصورتی اور جدید تعمیر اسی وقت شہریوں کے لیے حقیقی سہولت بن سکتی ہے جب وہاں سفر محفوظ ہو۔ سڑکیں انسانی زندگیوں کو آسان بنانے کے لیے تعمیر کی جاتی ہیں، انہیں خطرات کا مرکز نہیں بننا چاہیے ۔ خدارا! اس سے پہلے کہ کسی اور بے گناہ کے گھر کا چراغ بجھ
جائے ، فوری اقدامات کرکے آٹو بھان روڈ کو حادثات کی شاہراہ بننے سے بچایا جائے ۔ انسانی جانوں کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونا چاہیے ۔
٭٭٭


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں