تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 4اکتوبر کی پی ٹی آئی کال کی حمایت کر دی
شیئر کریں
موجودہ حالات میں یہ وقت پاکستان کے جمہوری مستقبل اور آئین کی بالادستی کے لیے نہایت اہم ہے، ترجمان
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 4 اکتوبر کی پی ٹی آئی کی کال کی حمایت کر دی ہے۔ ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان نے کہاہے کہ تحریک انصاف اپوزیشن اتحاد کا حصہ ہے، اب تحریک انصاف کی جانب سے 4اکتوبر کی کال دی گئی ہے،
تحریک تحفظ آئین پاکستان اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر 4 اکتوبر کی کال میں بھرپور شرکت کرے گی۔ ترجمان اخونزادہ حسین احمد یوسفزئی نے کہا کہ 27ستمبر کی کال کو سربراہی اجلاس میں متفقہ طور پر اپوزیشن اتحاد کی مشترکہ کال قرار دیا گیا تھا،
اجلاس میں سندھ اور بلوچستان میں احتجاج کے حوالے سے حکمتِ عملی بھی طے کی گئی تھی۔ ترجمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ اور تحریک انصاف کی قیادت کے ساتھ بھی اس معاملے پر تفصیلی مشاورت ہوئی تھی،
وزیراعلی خیبر پختونخوا نے بھی اپنے بیان میں واضح کیا تھا۔ ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان کے مطابق وزیراعلیٰ نے کہا تھا کہ 27ستمبر کے حوالے سے فیصلہ تحریک انصاف کی پولیٹیکل کمیٹی کا تھا،
سیاسی کمیٹی کے فیصلے کے اعلان سے قبل بیرسٹر گوہر قائدین حزب اختلاف کے پاس آئے تھے۔ترجمان اپوزیشن اتحاد کے مطابق بیرسٹر گوہر کو واضح بتایا گیا تھا 27ستمبر سے ایک ایک دن ہمارے لیے اہم ہے۔
ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان کے مطابق بیرسٹر گوہر کو کہا تھا کہ یہ وقت دوبارہ نہیں آئے گا، موجودہ حالات میں یہ وقت پاکستان کے جمہوری مستقبل اور آئین کی بالادستی کے لیے نہایت اہم ہے۔


