وزیراعلیٰ سندھ کی صوبائی محکموں کو ایس ایس جی سی سے متعلق زیرالتوا معاملات جلد حل کرنے کی ہدایت
شیئر کریں
سندھ کے گیس و توانائی وسائل پر وفاقی و صوبائی حکومت میں اہم مشاورت
مراد علی شاہ کا حیدان بلاک سندھ حکومت کو الاٹ کرنے کا مطالبہ، سوہو اور کندھ کوٹ گیس فیلڈز سے آئینی حق کے تحت سندھ کو گیس فراہم کرنے پر زور
وزیراعلیٰ سندھ سے وفاقی وزیر پیٹرولیم کی ملاقات
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی، جس میں سندھ کے گیس اور توانائی سے متعلق اہم امور، زیرالتوا معاملات اور صوبے کے گیس وسائل کے مؤثر استعمال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سیکریٹری توانائی شہاب انصاری، وفاقی سیکریٹری پیٹرولیم حامد شیخ، ایڈیشنل سیکریٹری ظفر عباس، سوئی سدرن گیس کمپنی کے ایم ڈی امین راجپوت، پاکستان اسٹیٹ آئل کے ایم ڈی جواد چیما اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران حیدان بلاک، اسٹرینڈڈ اور ڈورمنٹ گیس فیلڈز، سوہو دریافت اور کندھ کوٹ گیس فیلڈ سمیت گیس کے مختلف منصوبوں اور وسائل سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حیدان بلاک سندھ انرجی ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کو الاٹ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اس سلسلے میں متعدد خطوط وفاق کو ارسال کرچکی ہے، تاہم حیدان بلاک کی الاٹمنٹ کا فیصلہ تاحال زیرالتوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں صنعتی ترقی اور توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے گیس کے مقامی وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانا ضروری ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اسٹرینڈڈ اور ڈورمنٹ گیس فیلڈز سندھ حکومت کے حوالے کرنا صوبے کی صنعتی ترقی کے لیے زیادہ بہتر ہوگا۔ سندھ کی صنعتوں کو توانائی کی مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبے میں موجود گیس وسائل کا مؤثر استعمال ناگزیر ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے سوہو گیس دریافت اور کندھ کوٹ گیس فیلڈ سے حاصل ہونے والی گیس سندھ کو آئین کے آرٹیکل 158 کے تحت فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ملک میں سب سے زیادہ گیس پیدا کرنے والی اکائی ہے، اس لیے صوبے کے آئینی حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی علی پرویز ملک نے کہا کہ وفاق سندھ کے گیس وسائل سے متعلق صوبائی حکومت کے مؤقف اور تجاویز کو اہمیت دیتا ہے۔ حیدان بلاک کی الاٹمنٹ، گیس فیلڈز اور دیگر زیرالتوا معاملات کا ترجیحی بنیادوں پر جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے باہمی تعاون سے توانائی کے شعبے میں بہتر نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ ملاقات میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے خدیجی بیس کیمپ کے لیے زمین کی فراہمی اور نئے گیس کنکشنز سے متعلق امور بھی زیرغور آئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ صوبائی محکموں کو ایس ایس جی سی سے متعلق زیرالتوا معاملات جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ عوام اور صنعتوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور باہمی تعاون ضروری ہے، جبکہ توانائی کے شعبے میں دیرینہ مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جانے چاہئیں۔


