کے ایم سی میں نیب، اینٹی کرپشن، ایف آئی اے متحرک، تحقیقات کا دائرہ وسیع
شیئر کریں
20 سے زائد انکوائریاں آخری مراحل میں، ترقیاتی منصوبوں، زمینوں،نیلامیوں کا ریکارڈ طلب
نیب نے سزا یافتہ مگر ضمانت پر موجود متعدد افسران اور اہلکاروں کی فہرستیں طلب کرلیں، ذرائع
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بلدیہ عظمیٰ کراچی میں مبینہ بے ضابطگیوں، ترقیاتی منصوبوں، زمینوں، کمرشلائزیشن، نیلامیوں اور انتظامی معاملات سے متعلق تحقیقات کا دائرہ وسیع ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ، ایف آئی اے اور دیگر تحقیقاتی ادارے مختلف معاملات کی چھان بین میں مصروف ہیں جبکہ 20 سے زائد انکوائریاں آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ویسٹ کراچی کی جانب سے کے ایم سی اور اورنگی ٹاؤن کے بعض افسران کے خلاف شکایات کی تحقیقات کے سلسلے میں پلاٹس، تجاوزات، سروے رپورٹس، سائٹ انسپکشن، تصاویر، لے آؤٹ پلانز اور دیگر متعلقہ ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔
مصدقہ ذرائع کے مطابق سابق میونسپل کمشنر کے بعد متعدد افسران اور اہلکاروں کے سروس ریکارڈ، شناختی دستاویزات، اثاثہ جات، پہلی تقرری کے احکامات، ترقیوں اور دیگر سرکاری ریکارڈ کی بھی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔ ذرائع نے کہا کہ مختلف معاملات میں متعدد افسران اپنے بیانات ریکارڈ کراچکے ہیں جبکہ مزید افسران کو تحقیقاتی اداروں کے سامنے طلب کیے جانے کا امکان ہے۔ ترقیاتی منصوبوں، نیلامیوں، زمینوں کی الاٹمنٹ، کمرشلائزیشن اور دیگر مالی معاملات سے متعلق ریکارڈ بھی زیرِ جانچ ہے۔
ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے سزا یافتہ مگر ضمانت پر موجود بعض افراد کی فہرستیں بھی طلب کی گئی ہیں، جبکہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیے جانے کا امکان ہے۔تاہم متعلقہ اداروں کی جانب سے تاحال کسی فرد یا افسر کے خلاف کوئی حتمی فیصلہ یا الزام ثابت نہیں کیا گیا اور تمام تحقیقات جاری ہیں۔


