حکومت کے پاس وقت کم ہے، ارد گرد بہت بڑی بربادی ہے،محمود اچکزئی کا قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال
شیئر کریں
کوٹ لکھپت جیل میں قید 70 سال سے زائد عمر کے بزرگ قیدیوں کو سخت سزائیں دی گئی ، 5 افراد کو مجموعی طور پر 286 سال قید کی سزا سنائی گئی،ماہ رنگ بلوچ کو عمر بھر کی جیل قید کی سزا دی جو زیادتی ہے
حکومت کے ڈھائی سال پورے ہونے کو ہیں،وزیراعظم نے جس انداز میں بات کی مجھے بالکل بھی مزہ نہیں آیا، حکمرانوں کو اپنا رویہ بدلنا ہوگا،بانی عمران خان تاحال جیل میں قید ہیں، اپوزیشن لیڈر
اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے ڈھائی سال پورے ہونے والے ہیں لیکن ملک کے ارد گرد بربادی کا ماحول ہے، جس کے لیے حکمرانوں کو اپنا رویہ بدلنا ہوگا۔ قومی اسمبلی اجلاس میں وزیرِاعظم شہباز شریف کے خطاب کے بعد ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کے ڈھائی سال پورے ہونے کو ہیں، وزیرِ اعظم نے جس انداز میں آج بات کی مجھے اس کا بالکل مزہ نہیں آیا، میرے بھائی نے کہا تھا کہ ‘پاکستان ہے تو ہم ہیں’ لیکن یاد رکھیں آپ کے پاس اب وقت بہت کم ہے اور ہمارے ارد گرد بہت بڑی بربادی پھیلی ہوئی ہے، اب ہمیں اپنے لہجے اور ٹون کو بدلنا ہو گا۔اسپیکر قومی اسمبلی کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اسپیکر نے ایوان چلاتے ہوئے آئین اور قانون کا بالکل خیال نہیں رکھا، انہوں نے انتہائی چابک دستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے ہی 14 ساتھی پارلیمنٹیرینز کو اسمبلی سے فارغ کر دیا، انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ماضی اور حال میں آئین کو روندنے کے لیے ہمیشہ غیر جمہوری حکومتوں کا ساتھ دیا گیا۔ملک میں حالیہ عدالتی سزاؤں پر بات کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ کوٹ لکھپت جیل میں قید 70 سال سے زائد عمر کے بزرگ قیدیوں کو سخت سزائیں دی گئی ہیں، جہاں 5 افراد کو مجموعی طور پر 286 سال قید کی سزا سنائی گئی، بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما ماہ رنگ بلوچ کو بھی عمر بھر کی جیل قید کی سزا دے دی گئی جو کہ زیادتی ہے، پاکستان کسی آسمان پر نہیں بلکہ بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخواہ اور پنجاب کا مجموعہ ہے۔انہوں نے شکوہ کیا کہ خیبرپختونخوا کو برابر کا پاکستان کیوں نہیں سمجھا جاتا؟ اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے عوام بنیادی ضروریات اور آٹے کے لیے چیخ رہے ہیں، جس پر وزیرِ اعظم کا رویہ مایوس کن تھا، وہ بلوچ قیادت کو بلائیں اور واشگاف الفاظ میں کہیں کہ بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق وہاں کے بچوں کا ہے، اور یہی یقین دہانی سندھ اور خیبرپختونخواہ کے عوام کو بھی کروائی جائے۔خطاب کے آخر میں محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم سب نے آئینِ پاکستان کی حفاظت کا حلف لیا ہے، اس لیے ایوان کو مضبوط بنانا ہو گا، پاکستان دنیا کا ایک اہم ملک ہے اور اس کے پاس ایک بہترین فوج موجود ہے، اس موقع پر انہوں نے ایک بار پھر سے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایوان کو یاد دلایا کہ تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان تاحال جیل میں قید ہیں۔


