افغان شہریوں کیلئے جعلی دستاویزات کا نیٹ ورک بے نقاب
شیئر کریں
ایف آئی اے کی مشترکہ انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی ،نادرا افسران سمیت 4 گرفتار
ملزمان مبینہ طور پرسہولت کاری میں ملوث تھے ،دہشت گرد عناصر سے روابط کی نشاندہی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایف ائی اے نے چھاپہ مار کاروائی کے دوران مبینہ دہشت گردی میں ملوث افغان باشندوں کو جعلی دستاویزات بنانے کے الزام میں نادرا افسران سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں اور وفاقی تحقیقاتی ادارہ (FIA) نے مشترکہ انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے افغان شہریوں کے لیے غیر قانونی طور پر جعلی دستاویزات بنانے میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت انعام الحق (اسسٹنٹ ڈائریکٹر، نادرا)، فیاض احمد (ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر، نادرا)، جنید احمد (چوکیدار، نادرا) اور محمد عمر شاہ (پرائیویٹ ایجنٹ) کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر افغان شہریوں کے لیے جعلی شناختی دستاویزات کے اجرا، ریکارڈ میں ردوبدل اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں سہولت کاری میں ملوث تھے۔ ابتدائی شواہد سے اس نیٹ ورک کے دہشت گرد عناصر سے روابط کی نشاندہی ہوئی ہے، جس پر مزید گہرائی سے تحقیقات جاری ہیں۔کارروائی کے دوران اہم ریکارڈ اور دیگر شواہد قبضے میں لے لیے گئے ہیں، جبکہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق تحقیقات کے دوران مزید اہم انکشافات اور گرفتاریاں متوقع ہیں، اور اس نیٹ ورک سے وابستہ تمام سہولت کاروں اور مرکزی کرداروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ایف آئی اے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی سلامتی، دہشت گردی کی معاونت، جعلی شناختی دستاویزات کے اجرا اور ایسے منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے تک بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
(رپورٹ : افتخار چوہدری)


