میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
گندم کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی پر پانچ افسران معطل

گندم کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی پر پانچ افسران معطل

جرات ڈیسک
جمعرات, ۲۳ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

افسران پر خفیہ سرکاری معلومات افشا اور حکومتی کارروائیوں کو متاثر کرنے کے بھی الزامات

وزیر خوراک مخدوم محبوب الزماں کا کمشنر سکھرڈویژن کی تفصیلی انکوائری رپورٹ پر فیصلہ

 

سندھ میں گندم کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور سہولت کاری پر خیرپور کے پانچ افسران کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے ۔

جرأت کی رپورٹ کے مطابق وزیر خوراک مخدوم محبوب الزماں نے یہ فیصلہ کمشنر سکھر ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی تفصیلی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں کیا گیا، جس میں بعض افسران پر ذخیرہ اندوزوں سے مبینہ ملی بھگت، خفیہ سرکاری معلومات افشا کرنے اور حکومتی کارروائیوں کو متاثر کرنے جیسے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

کمشنر سکھر کی رپورٹ کے مطابق خفیہ اداروں سے موصول ہونے والی مصدقہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے معلوم ہوا کہ ضلع خیرپور کے علاقے ابوالوہ چوک، گمبٹ میں پہلے سے نشاندہی شدہ گندم کے ذخائر کو گزشتہ دو روز کے دوران مبینہ طور پر مختلف بااثر افراد کی ملکیت یا زیر استعمال گوداموں میں منتقل کیا گیا تاکہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کی کارروائی سے بچا جا سکے ۔

رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ بعض محکمہ خوراک کے اہلکاروں نے مبینہ طور پر مجوزہ چھاپوں اور کارروائیوں کی پیشگی اطلاع گندم کے تاجروں تک پہنچائی، جس کے باعث انہوں نے سرکاری ٹیموں کی آمد سے قبل اپنا غیر قانونی ذخیرہ دوسری جگہ منتقل کر دیا۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایک فوڈ انسپکٹر پر انٹیلی جنس برانچ کے اہلکاروں کی شناخت بعض تاجروں کو بتانے کا بھی الزام ہے، جس سے نہ صرف حساس سرکاری آپریشن متاثر ہوئے بلکہ کارروائی کرنے والے اہلکاروں کی شناخت بھی ظاہر ہوگئی۔

معطل کئے گئے افسران میں شفاعت بلوچ (فوڈ سپروائزر، نارا)، ندیم احمد شیخ (فوڈ سپروائزر، گمبٹ)، خلیل احمد میمن (فوڈ سپروائزر، گمبٹ)، نصیر احمد میمن (فوڈ سپروائزر، گمبٹ) اور وحید احمد شیخ (فوڈ انسپکٹر، کوٹ ڈیجی) شامل ہیں۔ معطلی کے دوران ان تمام افسران کا ہیڈکوارٹر ڈائریکٹر فوڈ سندھ، کراچی مقرر کیا گیا ہے جبکہ ان کے خلاف شفاف، غیر جانبدار اور میرٹ پر مبنی محکمانہ انکوائری کی جائے گی۔

وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف جاری مہم میں کسی بھی قسم کی غفلت، ملی بھگت یا سرکاری معلومات کے افشا کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
افسران معطل


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں