میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
امریکہ میں تشہیر کیلئے مودی کے بھاری اخراجات

امریکہ میں تشہیر کیلئے مودی کے بھاری اخراجات

جرات ڈیسک
اتوار, ۲۲ نومبر ۲۰۲۶

شیئر کریں

مودی حکومت کا ٹرمپ انتظامیہ تک رسائی اور عالمی سطح پر اپنی تشہیر کے لیے امریکی لابنگ فرموں پر بھاری اخراجات اور ماہانہ 75 ہزار ڈالر کے معاہدے کا انکشاف ہوا ہے۔جی ہاں، بھارتی حکومت نے واشنگٹن میں واقع ایک امریکی لابنگ فرم ‘مرکری پبلک افیئرز’ (Mercury Public Affairs) کو ماہانہ 75,000 ڈالر کے معاوضے پر رکھا ہے۔ امریکی قانون فارا (FARA) کے تحت جمع کرائی گئی دستاویزات منظر عام پر آنے کے بعد اس معاملے پر بھارت میں شدید سیاسی بحث چھڑ گئی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد واشنگٹن میں بھارتی سفارت خانے نے جس فرم کی خدمات حاصل کیں ہیں اس فرم کی ٹیم میں ٹرمپ کے قریبی ساتھی اور سابق عہدیدار شامل ہیں۔ دستاویزات سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ بھارت نے ایک اور امریکی فرم ایس ایچ ڈبلیو پارٹنرز (SHW Partners) کو بھی ماہانہ 150,000 ڈالر پر رکھا ہے۔ اس طرح دونوں فرموں کو مجموعی طور پر ماہانہ 225,000 ڈالر ادا کیے جا رہے ہیں۔

لابنگ فرم کی دستاویزات میں جون 2026 کی ڈونلڈ ٹرمپ کی اس سوشل میڈیا پوسٹ کا ذکر ہے جس میں انہوں نے مودی کو طویل ترین مدت تک وزیر اعظم رہنے پر مبارکباد دی تھی۔ بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ مودی حکومت ٹیکس دہندگان کا پیسہ اپنی ذاتی تشہیر اور ٹرمپ سے تعریفی پوسٹس کروانے کے لیے خرچ کر رہی ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ (MEA) نے ان الزامات کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ امریکہ میں لابنگ فرموں کی خدمات حاصل کرنا 1948 سے ایک معمول کی سفارتی مشق ہے۔ وزارت کے مطابق دستاویزات سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ ٹرمپ کی پوسٹ کے لیے پیسے دیے گئے، بلکہ فرم کا کام محض اس پوسٹ کو سوشل میڈیا پر پھیلانا (disseminate) اور سفارتی روابط میں مدد فراہم کرنا تھا۔

دی انڈین ایکسپریس کے مطابق امریکی لابنگ فرم ‘ایس ایچ ڈبلیو پارٹنرز ایل ایل سی’ (SHW Partners LLC) نے مئی اور جون 2026 کے دوران بھارتی حکام اور وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان آٹھ ٹیلی فونک رابطوں کے انتظام میں کردار ادا کیا۔امریکی قانون ‘فارن ایجنٹس رجسٹریشن ایکٹ’ (FARA) کے تحت جمع کرائی گئی دستاویزات میں ان آٹھ رابطوں کو سیاسی سرگرمیوں کا حصہ قرار دیا گیا، جن کا محور بھارت امریکہ دوطرفہ تعلقات تھے۔

مودی حکومت نے اپریل 2025 میں جیسن ملر (Jason Miller) کی سربراہی میں کام کرنے والی SHW Partners LLC کے ساتھ معاہدہ کیا، جس میں مزید ایک سال کی توسیع کی گئی۔23 جون 2026 کو SHW Partners کا معاہدہ اس وقت ختم ہوا جب فرم کے سربراہ جیسن ملر ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ بطور خصوصی سرکاری ملازم منسلک ہو گئے۔مئی 2026 میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو (Marco Rubio) کے دورہ بھارت سے قبل لابنگ فرموں نے بھارتی حکام اور وائٹ ہاؤس کے اعلیٰ عہدیداروں کے درمیان رابطوں کا انتظام کیا۔ان رابطوں میں امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ (Scott Bessent)، نائب قومی سلامتی مشیر مائیکل نیڈہم (Michael Needham) اور انسدادِ دہشت گردی و مالیاتی انٹیلی جنس کے انڈر سیکریٹری جین لینگ (Jen Lang) شامل تھے۔ مارکو روبیو کے جون 2026 کے دور? بھارت کے بعد بھی بھارتی حکومت اور امریکی انتظامیہ کے درمیان مزید اعلیٰ سطح کے رابطے کرائے گئے۔

ٹرمپ کے قریبی سیاسی حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی قیادت میں کام کرنے والی Mercury Public Affairs کی مرکزی ٹیم میں برائن لانزا (Brian Lanza) بھی شامل تھے، جو ماضی میں ٹرمپ کی ٹرانزیشن ٹیم کے کمیونیکیشنز ڈائریکٹر رہ چکے ہیں۔بھارتی حکومت کی جانب سے امریکی لابنگ فرم کو ماہانہ 75 ہزار ڈالر کی ادائیگی نے سوالات کھڑے کر دیے ہیں کہ آیا بھارتی ٹیکس دہندگان کا پیسہ واشنگٹن میں سیاسی رسائی اور مودی کی عالمی تشہیر کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔بھارتی وزارتِ خارجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ امریکہ میں لابنگ فرموں کی خدمات حاصل کرنا ایک پرانا سفارتی طریقہ کار ہے اور واشنگٹن میں بھارتی سفارت خانہ 1948 سے ایسی فرموں کے ساتھ کام کر رہا ہے۔بھارتی حکومت نے دعویٰ کیا کہ FARA دستاویزات کے مطابق Mercury Public Affairs نے صرف متعلقہ سوشل میڈیا پوسٹ کی تشہیر کی تھی۔ اصل معاملہ وائٹ ہاؤس کے ساتھ اعلیٰ سطح کے براہِ راست رابطوں کے لیے لابنگ فرموں کے استعمال کا ہے۔سابق بھارتی سفارت کاروں نے بھی اس طریقہ کار پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ لابنگ فرمیں عموماً امریکی کانگریس اور کیپیٹل ہِل میں روابط کے لیے خدمات فراہم کرتی ہیں، جبکہ اعلیٰ سطح کے دوطرفہ رابطے براہِ راست سرکاری حکام کے درمیان ہونے چاہییں۔بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے الزام عائد کیا کہ مودی امریکی لابنگ فرموں کے ذریعے ڈونلڈ ٹرمپ سے اپنے حق میں تعریفی بیانات اور سوشل میڈیا پوسٹس کروانے کے لیے رقم خرچ کر رہے تھے۔

ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمان مہوا موئترا (Mahua Moitra) نے الزام لگایا کہ بھارتی ٹیکس دہندگان کا پیسہ امریکی لابنگ فرم کی خدمات کے ذریعے ٹرمپ کی جانب سے مودی کی تعریف سے منسلک سرگرمیوں پر خرچ کیا جا رہا تھا۔کانگریس کے راجیہ سبھا رکن پون کھیڑا (Pawan Khera) نے سوال اٹھایا کہ مودی کو اپنے خود ساختہ دوست ڈونلڈ ٹرمپ سے بات کرنے کے لیے بھی امریکی لابنگ فرموں کے ذریعے رابطوں کی ضرورت کیوں پیش آ رہی ہے۔ پون کھیڑا نے الزام عائد کیا کہ ٹرمپ کی جانب سے مودی کو بار بار ‘عظیم دوست’، ‘سچا دوست’ اور ‘اچھا دوست’ قرار دینے کے پیچھے امریکی لابنگ فرموں کو کی جانے والی ادائیگیوں کا معاملہ موجود ہے۔
٭٭٭


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں