مارجن بڑھانے کی حکومتی یقین دہانی، پیٹرول پمپس اونرز نے ہڑتال مؤخر کردی
شیئر کریں
ملک بھر میں آج سے شروع مجوزہ پیٹرول پمپس کی ہڑتال آئندہ دو ہفتوں کیلئے ملتوی
پیٹرولیم ڈیلرز کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں گے، وزیر پیٹرولیم
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ملک بھر میں آج سے شروع ہونے والی مجوزہ پیٹرول پمپس کی ہڑتال آئندہ دو ہفتوں موخر کر دی گئی۔ پاکستان پیٹرولیم پمپس اونرز ایسوسی ایشن اور پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومتی یقین دہانی کے بعد احتجاج کی کال واپس لینے کا اعلان کر دیا۔وفاقی وزیر مملکت برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اوگرا کے ساتھ ڈیلرز کے مارجن سے متعلق جلد اجلاس منعقد کرنے اور اس معاملے کو وفاقی کابینہ میں اٹھانے کا اعلان کیا، جس کے بعد ڈیلرز نے ہڑتال موخر کرنے کا فیصلہ کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہے اور پیٹرولیم ڈیلرز کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ڈیلرز کے مارجن کے معاملے پر اوگرا کے ساتھ جلد نشست ہوگی، جبکہ اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے سمری بھی وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی۔علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت کا مقصد پیٹرولیم کے نظام میں شفافیت لانا ہے اور آئندہ دو ہفتوں کے اندر ڈیلرز کے جائز مطالبات کے حق میں ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔ دوسری جانب پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کی جانب سے مارجن بڑھانے کی یقین دہانی پر اعتماد کرتے ہوئے ہڑتال کی کال فی الحال مخر کی جا رہی ہے۔ ایسوسی ایشن نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دو ہفتوں میں ڈیلرز کے مارجن کا مسئلہ حل کر لیا جائے گا۔


