سندھ میں پی پی حریفوں کا زور آور اتحاد
شیئر کریں
( رپورٹ/ شاہنواز خاصخیلی ) مٹیاری کی سیاست پر دہائیوں سے قابض مخدوم خاندان کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی، جمعیت علمائے اسلام نے پیپلزپارٹی مخالف امیدواروں کی حمایت کا اعلان کردیا ، جے یو آئی کا مٹیاری میں بڑا ووٹ بینک موجود ہے جبکہ پیپلزپارٹی سینیٹر محمد علی شاہ جاموٹ اور پیپلزپارٹی ضلع قیادت بھی مخدوم خاندان سے ناراض ہے ، بشیر میمن مخدوم جمیل الزمان کے مد مقابل ہیں ۔تفصیلات کے مطابق مٹیاری ضلع کے این اے216 پر پیپلزپارٹی کے امیدوار مخدوم جمیل الزمان کے مد مقابل مسلم ن سندھ کے صدر بشیر میمن ہیں جبکہ پی ایس57 پر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے امیدوار جلال شاہ جاموٹ ، مخدوم رفیق الزمان کے بیٹے اور پی ایس56 پر بشیر میمن کے بھائی نصیر میمن ، سابق صوبائی وزیر مخدوم محبوب الزمان کے مد مقابل ہیں، جمعیت علمائے اسلام کا مٹیاری ضلع میں8سے 10ہزار ووٹ بینک ہے ، جے یو آئی نے پیپلز پارٹی مخالف امیدواروں کی حمایت کا اعلان کردیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی ضلع صدر علی حسن شاھ جاموٹ اور سینیٹر محمد علی شاہ جاموٹ مخدوم خاندان کو ضلع کی تین نشستیں دینے پر برہم ہیں جبکہ ضلع صدر نے احتجاجاً استعفاء بھی دے دیا تھا ، ذرائع کے مطابق سینیٹر محمد علی شاہ جاموٹ ، جی ڈی اے امیدوار جلال شاہ جاموٹ کو جتوانے کیلئے سرگرم ہیں ، پارٹی کی ضلع قیادت و کارکنان بھی مخدوم گروپ کے خلاف اندرونی طور پر سرگرم ہو چکے ہیں ، ضلع میں پارٹی کارکنان کی حمایت سے محروم مخدوم خاندان کو جے یو آئی کی جانب سے مخالف امیدواران کی حمایت نے سیاسی میدان میں مخدوم گروپ کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے جبکہ بشیر میمن کی بھرپور سیاسی مہم نے مخدوم مخالف ووٹ کو اپنے جانب راغب کرنے میں کامیاب ہوتے دکھائے دے رہے ہیں ۔