ایران کے امریکی فوجی اڈوں پر حملے ، 160امریکیوں کی ہلاکت کا دعویٰ
شیئر کریں
بحر ہند میں 650کلو میٹر دور ایندھن بھرنے والا امریکی جہاز نشانہ ،اسرائیل کے خلاف میزائلوں سے تازہ حملہ
پاسدارانِ انقلاب نے آپریشن وعدہ صادق 4کی 16ویں لہر شروع کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا
خلیجی ممالک میں امریکا کی بیشتر تنصیبات ایران کے نشانے پر ہیں، ایرانی فوج نے مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈوں پر حملوں میں 160 امریکیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کر دیا۔ایرانی فوج کی جانب سے کہا گیا کہ ہلاک اور زخمی امریکی فوجیوں کی مجموعی تعداد 650ہوگئی۔پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ بحر ہند میں 650 کلو میٹر دور ایندھن بھرنے والے امریکی جہاز کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے ۔ایران نے اسرائیل کے خلاف میزائلوں اور ڈرونز سے تازہ حملہ کر دیا ہے جبکہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے آپریشن وعدہ صادق 4 کی 16ویں لہر شروع کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے ۔پاسداران انقلاب اسلامی کے مطابق اسرائیل کی جانب بڑی تعداد میں بیلسٹک میزائل داغے گئے ہیں، جن کا ہدف مخصوص عسکری اور اسٹریٹیجک مقامات بتائے جا رہے ہیں، میزائل حملوں کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں ڈرونز بھی اسرائیل کی سمت روانہ کئے گئے ہیں۔ ایران کے اسرائیل پر تابڑ توڑ حملوں کے باعث اسرائیل میں خوف و ہراس کا عالم ہے ۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے ملک بھر کیلئے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو بنکرز میں جانے کی ہدایت کی ہے اور اسرائیل کے وسطی اور شمالی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ مقبوضہ علاقے رام اللہ میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، مقبوضہ علاقے بیت شیمش میں ایرانی میزائلوں کا ملبہ گرنے سے عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے ۔


