ورلڈ کپ کے بعد ٹیم کے سات کھلاڑی تبدیل ہوں گے ، شعیب اختر
شیئر کریں
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ 2019کے اختتام پر ٹیم کے سات کھلاڑیوں کو تبدیل کیا جائے گا۔ ویڈیو پیغام میں راولپنڈی ایکسپریس نے کہا کہ پاکستان کی اب تک کی کارکردگی مایوس کن ہے ، ان کا کہنا تھا کہ 1999ورلڈ کپ کھیلنے والی ٹیم کے دس کھلاڑی آئندہ دس سال تک ٹیم میں موجود تھے تاہم موجودہ ٹیم کے سات کھلاڑی ایسے ہیں جو جلد ٹیم سے نکال دیے جائیں گے ۔اسپیڈ اسٹار کا کہنا تھا کہ جب تک آپ اوسط درجے کے لوگوں کو لاتے رہیں گے ، اوسط کارکردگی ہی دیکھنے کو ملے گی۔انہوں نے کہا کہ اوسط معیار کا شخص کبھی قابل شخص کو پسند نہیں کرتا کیوں کہ وہ اس سے بہتر ہوتا ہے ۔گرین شرٹس کی ورلڈ کپ میں اب تک کی کارکردگی ناقص رہی ہے جہاں سرفراز الیون اب تک کے پانچ میچوں سے صرف ایک جیتنے میں کامیاب رہی ہے ۔ پاکستانی ٹیم آسٹریلیا، بھارت اور ویسٹ انڈیز سے شکست کھاچکی ہے جبکہ میزبان انگلینڈ کو ہرانے میں کامیاب رہی۔پاکستان کا اگلا میچ جنوبی افریقا کے خلاف اتوار کو ہوگا۔