میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
دو شادیاں اورایک موت

دو شادیاں اورایک موت

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۲ مارچ ۲۰۱۷

شیئر کریں

خاکستار اب عمر کے اس دوراہے پر ہے کہ عشاءکی اذا ن ہوچکی ہے۔ نکاح کے بلاوے کم، ولیمے کے اس سے بھی کم اور مہندی کے نیوتے تو بالکل ہی مُک گئے ہیں۔
اب ہم جیسوں کو ان مہندیوں میں کوئی بھولے سے بھی نہیں بلاتا، جہاں منی بار برپا کی گئی ہو۔ہمارے حوالے سے سبھی احباب حضرت ذہین شاہ تاجی کا وہ شہر ہ¿ آفاق ہدایت نامہ دل سے لگا بیٹھے ہیں کہ
مئے بن کر مئے خانہ بن کر وہ ہستی کا افسانہ بن چکا ہے اور بیوروکریسی کی آگ میں باقی ماندہ پاپیوں کی مانند وہ بھی ایسا جلا ہے کہ نہ کوئلہ بھئے نہ راکھ ۔
یوں بھی جہاں ساقی نے عارضی مے خانہ سجایا ہو، ایسی تقریب میں دہلی کے محاورے کے مطابق ہمیں بلایا جانا گویا اندھے کو نیوتا ہے یعنی دعوت ایک کی مگر کھلانا دو افراد کو پڑے گا۔
ہمارا ڈرائیور گو کہ عمر میں چھوٹا ہے، مٹہ سوات کا ہے،رات کو اسے دکھائی بھی کم دیتا ہے۔وہ تو حلق میں سلگتے کیکٹس ہیں کہ وہ مہندی کی دعوت میں بھی ہمیں کسی بھی جگہ ،اور رات میں بھی پہنچا ہی دیتا ہے۔پچھلے دنوں وزیر داخلہ چوہدری نثار کے ملک میں غیر قانونی طور پر افغانیوں کو واپس بھیجنے کے اعلان کا اصل فائدہ تو اس موقع پرست نے اٹھایا۔ اپنے جاننے والے کسی دو افغان بھائیوں کی ایک ایک بیٹی سستے داموں خرید کر شادی رچالی۔ایک ماہ کی سالانہ چھٹی پر گیا تھا،پورے چھ ماہ لگاکر آیا۔ وجہ پوچھی تو کہہ رہا تھا اب کی دفعہ سردی بہت تھی۔ اس لیے قیام طویل ہوگیا ۔ہمارے ساتھ مہندی کی تقریب میں جائے تو گھس بیٹھیوں کی طرح عین بار کے قریب کھڑا ہوجاتا ہے۔ تقریب کے ویٹرز غیروں کی شراب کے معاملے میں بہت غریب پرور ہوتے ہیں۔اسے بھی دو ایک پیگ پلادیتے ہیں۔وہ گاڑی ہی میں جا کر اوندھا پڑتا ہے۔ہمیںکسی اور کے ساتھ گھر آنا پڑتا ہے۔
پچھلے دنوں حیدرآباد کے ایک عزیز کے ہاں پے در پے عمرے کی سعادت سے سرفراز ہوکر اہل خانہ لوٹے تو وہ عزیز تبرکات کی خریداری کے لیے کراچی چلا آیا ۔ پروگرام یہ تھا کہ پہلے اعزا میں تقسیم کے لیے ہدایہ لینے تھے بعد میں ہم نے سینما میں ہندوستانی فلم رئیس دیکھنی تھی ۔اسے لے کر ہم پہلے جوڑیا بازار مناف گھانسلیٹ کے پاس پہنچے۔ مناف میمن ہے، بچپن میں غلطی سے گھانسلیٹ (مٹی کا تیل ) پی گیا تھا ۔تب سے لوگ اسے گھانسلیٹ ہی پکارتے ہیں۔وہ بھی اپنی اس شناخت پر معترض نہیں ہوتا۔اس کا چینی تسبیحات اور سجادوں( جانمازوں) کا بڑا کام ہے۔دو تین ماہ چین میں ضرور گزارتا ہے۔وہاں ڈیز ہو یونیورسٹی کی چھبیس برس کی طالبہ سے شادی بھی کررکھی ہے۔ وہ پہلے وہیں جانماز بنانے والی فیکٹری میں ملازمہ تھی ۔ اب اسے نوکری چھڑوا کر، مسلمان اور دو بچوں کی اماں بنا کر اسی کی فیکٹری کی بنی ہوئی جانماز پر بٹھا دیا ہے ۔خود خیر سے پینتالیس برس کا ہے۔
قیامت کے عذاب سے اس نومسلمہ بے چاری کو اتنا ڈرا دیا ہے کہ اس معصومہ کو لگتا ہے کوئی بھی چینی جنت میں نہیں جائے گا،وہ بھی نہیں ،جو سی پیک کے منصوبوں پر کام کررہے ہیں اور غیر مصدقہ اطلاعات کے بموجب گلگت پاکستان میں شادیاں کررہے ہیں۔توبہ کرکرکے اور رو رو کے اس نے پورا چین سر پر اٹھا رکھا ہے۔(طارق جمیل سے درخواست ہے کہ وینا ملک کی طرح اس کے حال پر بھی توجہ فرمائیں۔)
مناف گھانسلیٹ ہمارے خریداری کے دورے والے دن ایک کارڈ کا مطالعہ بہت ذوق و شوق سے کررہا تھا۔ہم کو میمن جان کر ، ہنس ہنس پکار کر کہنے لگا ”سالے اپن میمن لوگ ہی ٹپوڑی نہیں ،یہ پنجاب کے چوہدری بھی ایک دم بہت چالو مال ہیں،ابھی یہ کارڈ دیکھو۔ ہم نے نگاہ ڈالی تو کارڈ کی پہلی لائن ہی ہمیں غالب کے دیوان کا نقش فریادی ہے کس کی شوخیءتحریر والا مصرعہ لگی۔
کوئی حسنہ بی بی اور ثانیا بی بی تھیں جنہوں نے اپنے محبوب شوہر چراغ دین کا عقد ثلاثہ اب کی دفعہ مہاجرین بارہ بنکی کی یتیم دوشیزہ رخسانہ علی خان سے کرنے کی ٹھانی تھی۔ہم نے فرمائش کی تو کارڈ اس نے ہمیں واٹس اپ کردیا۔
انکشاف کیا کہ وہ انجمن تاجران تبرکات مقدسہ کا جنرل سیکرٹری ہے۔جو گورنمنٹ کالج لاہور کے راوین کی طرح بہت fun-loving اور مال بناﺅ ممبران پر مشتمل ہے۔ ممبر صاحبان ایک منی مافیا ہیں،مجال ہے کوئی مسلمان کوئی سستی جانماز پر سجدہ ریز ہو پائے۔
یہ کارڈ وہ مختلف ممبران کے نام سے چھپواکر ان کے گھروں پر اس پمفلٹ کے ساتھ بھجوارہے ہیں جو انجمن مدارس سے جڑے ایک خوش دل مولوی نے عین عبادت سمجھ کر اردو میں بغرض رہنمائی و ہدایت مفت تحریر کیا ہے ۔ وہ پمفلٹ کیا ہے آپ بھی پڑھ لیجیے:
”خاکسار ، راندہءدرگاہ کے پیر طریقت سیدنا چراغ دین آف سمبڑیال شریف،منبع وجدان، منہاج العرفان،فنا فی تفکرِ المسلمات، قطب الاقطاب سلسلہ¿ عروسیہ کے عقد ثلاثہ کا دعوت نامہ بغرض رہنمائی و ہدایت اور ثواب دارین کے لیے جملہ مسلمین میں برائے تقسیم پیش خدمت ہے۔
اللہ اللہ، کیا شان عجز و ناز برداری ہے کہ پاک دامن بی بی حسنہ اور اسمِ بامسمّٰی عفت مآب بی بی ثانیا نے مرحومہ پروین شاکر کے اس شعر کو کہ
کمال ضبط کو خو د بھی تو آزماﺅں گی
میں اپنے ہاتھ سے اس کی دلہن سجاﺅں گی
کو نہ صرف لاحقہءایمان بنایا بلکہ اپنے اس عمل صد تحسین سے اپنے لیے دار الآخرت میں مقام رشک نجوم و قمر حاصل کیا ۔ گمان غالب ہے کہ ان نیک طینت بی بیوں نے اپنی اس وسعت قلبی کے عملی مظاہرے سے یوم الجزا پر خود کو نہ صرف بارگاہ الٰہی میں سرخرو ہونے کے لائق بنالیا بلکہ اس دار فانی میں بھی خود کو حور ان خلد بریں کا ہم نشین ٹھہرالیا۔اللہ سبحانہ‘ تعالیٰ جملہ مو¿منین،عارفین اور سلسلہءعروسیہ میں بیعت سالکین خوش خصال کو بی بی حسنہ اور بی بی ثانیا جیسی وسیع القلوب،خوش مشرب اور پیکر اخوت بین النسواں جیسی ازدواج مہوش و روشن طبع یکے بعد دیگرے عطا کرے۔ آمین ثم آمین۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
دوسری تقریب صلٰوة الاموات سے متعلق تھی
نہ غلاف، نہ لحاف، جانی رینجرز بھی خلاف۔۔ سسری۔ کراچی کے ایک مہاجر لیڈر کی موت کا سامان دلفریب تھا۔اللہ اللہ نیاز و ناز کا کیسا حسین منظر تھا۔ادھر غریب کھڑے تھے، تو چین سے لیٹے تھے میرے بندہ نواز۔
غم گساروں کے لیے تدفین سے پہلے پانچ ستارہ ہوٹل کی جانب سے ہائی ٹی برپا تھی۔ تدفین سے لوٹے تو پانچ کورس کا ڈنر بمع تین اقسام کے سوپ شہر جاناں کی مانند راہ تکتا تھا۔وہ اس لیے کہ ان دنوں چونکہ جانی رینجرز کے علاوہ ٹھنڈی ہوا بھی خلاف تھی۔کشمیر ی گلابی چائے اور تین اقسام کی کافی بمع کولڈ کافی، ونیلا آئس کریم کے ۔اللہ اللہ چوری کے مال سے سجا ایسا دسترخوان کہ دہلی کے جامع مسجد والے کریم ہوٹل اور ہمارے سفارت خانے والی سڑک پر چانکیہ پوری میں واقع دم پخت ریستوراں کے مطبخ خانے بھی دھول چاٹیں۔ جماعت المہاجرین کے فدائین خلق جو عام حالات میں تلوار اور طمنچے سے نیچے بات ہی نہ کرتے تھے۔ وہ دم تدفین پیکر عجز و انکساری سے سرشار یوں دوڑے دوڑے خدمت بجالاتے تھے کہ لگتا تھا کہ امراﺅ جان تہذیب کا اگلا ٹیوشن لینے انہیں کے پاس آئے گی۔ ۔سوئم بھی کچھ کم خوش طعام نہ تھا۔
ہم نے ان کی طرف کی ایک تھائی سلک کی سی نرم طبع لڑکی ،جو ہماری طرف بیاہی گئی تھی ، اس سے سن گن لی کہ چہلم پر کیا منظر نامہ ہوگا ۔ہمارے سوٹ پرانے ہوگئے ہیں،موسیٰ جی آج کل جلد سی کر نہیں دیتے۔کہنے لگیں :خواتین کا مطالبہ ہے چونکہ موصوف کی شہرت ناگن چورنگی کے کیسا نوا کی تھی ۔ متاثرین الفت میں کئی خواتین ایسی بھی تھیں جنہیں بروقت معاوضے کی ادائیگی نہیں کی گئی تھی لہٰذا ان کی دل جوئی اور اشک شوئی کے لیے گلوکار علی ظفر کا کنسرٹ کرادیا جائے ۔جب کہ گھرانے کے مرد حضرات اور پارٹی کے جانثاران بضد ہیں کہ مرحوم گھڑی کی ہلتی سوئی کو بھی بیلے ڈانسر والی پیار بھری نگاہ سے دیکھا کرتے تھے۔ لہٰذا ان کے چہلم پر قاہرہ یا بیروت سے کوئی بیلے ڈانسر بلوالیں۔ دبکا (عربی طبلہ) بجے گا ، قانون گنگنائے گا تو اس کے اعضائے متحرکہ کے رقص بسمل سے ہراساں اور دیدے پٹم کیے، جابجا مارے مارے پھرتے ہوئے کارکنوں کو پارٹی میں جاری بھونچال اور دھڑے بندی کا عمل آسانی سے سمجھ آجائے گا۔
فیصلہ زیر غور ہے مگر ہم نے چہلم کی دعوت میں پہننے کے لیے موسیٰ جی کو سیاہ ٹیل کوٹ بننے دے دیا ہے،سرخ Sash بھی کمر پر باندھنے کے لیے موجود ہے اور سیاہ پولکا ڈاٹ والی بو بھی تیار کرلی ہے، سب سے بڑھ کر پاٹیک فلپ کی زنجیر والی جیبی گھڑی تو ہمارے پاس موجود ہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اب کے شادی پر نہ جاتے مگر دلہن کے ابا پر ہم نے کبھی دوران ملازمت احسان کیا تھا۔ سودگران دہلی والوں پر کوئی احسان کریں تو وہ آپ کو اپنی شادیوں پر کبھی بھولتے نہیں اور قرضے دیتے وقت یاد نہیں رکھتے۔
دولہا دلہن پھوپھی زاد تھے ۔گھر کی دولت گھر میں ہی رہے کہ Marital Strategm کی وجہ سے ۔اس تعلق داری کا بھیانک انجام شادی پر متنج ہوا۔ہمارے بیٹے سے دونوں ہی کی دوستی ہے۔ دوستوں کی مشترکہ پارٹیوں میں ایک دوسرے سے بچ بچا کر علیحدہ علیحدہ آتے تھے۔نکاح کے بعد ہم نے دولہا سے پوچھا کہ دوبئی جیسا گھریلو ماحول ہے، اس کے باوجودپھر بھی کرکٹر احمد شہزاد کی طرح تمہارے قدم جمے ہوئے نہیں لگتے، کیوں؟ کہنے لگا کہ انکل یہ سالی ضویا بھی ایک دم پاگل ہے۔ بہت سمجھایا کہ نہ کر ، لیکن ستر ہزار کا برائیڈل میک اپ اور پانچ لاکھ کا جوڑا تھونپے بیٹھی ہے۔اس چری مائی کو یہ نہیں پتہ کہ یہ چیزیں دیرپا نہیں۔رخصتی کے بعد جلدہی ساتھ چھوڑ دیتی ہیں۔ گھر پہنچو گی تو لگ پتہ جائے گا کہ عشق کس قدر بے صبری سے آتش نمرود میں کود پڑتا ہے۔یہ میک اپ ،یہ جوڑا شادی کے صدقے میں ردِّبلا بلّا بن کر کافور ہوجائے گا۔ اس اثنا میں اپنی دوستوں سے خوش گپیاں کرتی ضویا اور دولہے میاں سے فوٹوگرافر نے تصویر کھنچواتے ہوئے ایک دوسرے کی طرف دیکھنے کی فرمائش کر ڈالی ۔ضویا کا اردو شاعری کا ذوق بہت ستھرا ہے۔ تنک کر کہنے لگی اہے گھر جاکر بھی میں نے انہی کو ساری عمر دیکھنا ہے۔ سب چلے جائیں گے تو رہ جائیں گے میرے نوشے میاں ۔ ساری عمر کا روگ ہے۔ یوں بھی ہماری برادری کے لڑکوں کو دیکھو تو لگتا ہے اللہ میاں نے مفتی طارق جمیل کے Clone بنانے کی کھلی اجازت دے دی۔آج تو میں کھل کے مہمانوں والے رنبیر کپور ز کو دیکھوں گی۔
میرے بیٹے نے، جس کے ساتھ وہ بچپن سے زیر تعلیم رہی ہے ، تفریحاً پوچھا کہ ©”طلاق کی صورت میں مہر کتنا ہے؟“ کھلکھلا کر ہنسی اورکہنے لگی” میرے ابا کے پاس ان کے ابا سے زیادہ پیسہ ہے، میں نے بھائی کو کہا تھا مسجد میں نکاح ہورہا ہے ،تو اس سے حلف لینا کہ مجھ سے طلاق کے بعد یہ داعش جوائن کرے گا۔۔ایک دوست کہنے لگا: ضویا لگتا ہے کہ تم نے نکاح نامے پر Expiry Date بھی ڈلوالی ہے۔آنکھ مار کر کہنے لگی، میں نے پھوپھو کو بھی بتا دیا ہے کہ شادی کو ہم بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں گے۔
ہماری بیگم نے کہا بہت ہی منھ پھٹ دلّی والی ہے۔میں تو اپنے بیٹے کی شادی کبھی بھی مہاجروں میں نہیں کروں گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں