پارا چنار اسپورٹس کمپلیکس میں غیر معیاری ہاکی ٹرف بچھانے کا انکشاف
شیئر کریں
پاڑا چنار اسپورٹس کمپلیکس میں غیرمعیاری ہاکی ٹرف بچھانے کا انکشاف ہوا ہے۔محکمہ اسپورٹس خیبر پختون خوا نے ہاکی ٹرف بچھانے والی کمپنی کو خط لکھ دیا اور غیر معیاری ہاکی ٹرف کو فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت کر دی۔محکمہ اسپورٹس کے مطابق منظور شدہ معیار اور معاہدے کے مطابق نیا ہاکی ٹرف نصب کیا جائے، نصب شدہ نیا ہاکی ٹرف محکمہ کو پیش کیے گئے منظور شدہ نمونے کے مطابق نہیں۔خط میں کہا گیا کہ نئے ہاکی ٹرف کے معیار اور تنصیب میں مختلف خامیوں کی نشاندہی ہوئی ہے، ہاکی ٹرف میں ناقص جوڑ، جھریاں، غیر ہموار سطح اور جوائنٹ لائنز نمایاں ہیں۔محکمہ اسپورٹس نے کہا ہے کہ معاہدے کے تحت طے شدہ یورپین کے بجائے چینی تیار کردہ ہاکی ٹرف نصب کی گئی ہے، نئے ٹرف کی تنصیب سے قبل محکمہ یا مجاز مانیٹرنگ کمیٹی سے معائنہ اور منظوری لازمی قرار دی گئی ہے۔خط کے متن کے مطابق متعلقہ کمپنی کو 3 روز میں ٹرف کی تبدیلی کا شیڈول جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔


