میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
نارتھ و نیوکراچی ٹاؤن میں نمائشی کارروائی کے بعد تجاوزات پھر قائم

نارتھ و نیوکراچی ٹاؤن میں نمائشی کارروائی کے بعد تجاوزات پھر قائم

جرات ڈیسک
پیر, ۲۰ جولائی ۲۰۲۶

شیئر کریں

ناگن چورنگی، یو پی موڑ، یوپی سوسائٹی، مسلم ٹاؤن ، آدم ٹاؤن ، سلیم سینٹر،پاور ہاؤس، بلال ٹاؤن اور دو منٹ چورنگی میں تجاوزات کی بھرمار نے رہائشی علاقوں کو مچھلی بازار بنا دیا

کے ایم سی اور ٹاؤن کے محکمہ انسداد تجاوزات میں طویل عرصہ سے تعینات افسران عدالتی فیصلوں، وزیر اعلیٰ و چیف سیکریٹری کے احکامات پر توجہ دینے کو تیار نہیں ، شہری خمیازہ بھگتنے لگے

…………………………………

ڈسٹرکٹ سینٹرل بالخصوص نارتھ کراچی و نیوکراچی ٹاؤن میں تجاوزات کے خلاف مختصر نمائشی کارروائی کے بعد ہٹائی جانے والی تجاوزات ایک بار پھر قائم کرلی گئیں،

نیو کراچی ٹاون کی حدود ناگن چورنگی، یو پی موڑ، یوپی سوسائٹی، مسلم ٹاؤن ، آدم ٹاؤن ، سلیم سینٹر،پاور ہاؤس، بلال ٹاؤن اور دو منٹ چورنگی سمیت اطراف کے علاقوں میں تجاوزات کی بھرمار نے رہائشی علاقوں کو مچھلی بازار بنا دیا۔

شائد ہی کوئی فٹ پاتھ اور سروس روڈ عوام کے لیے چھوڑی گئی ہو۔ بچ جانے والی جگہیں بلدیہ عظمی کراچی اور نیو کراچی ٹاون کے محکمہ انسداد تجاوزات کے افسران سے ملاقات کے بعد باآسانی کاروبار کے لیے دستیاب ہوتی ہیں جہاں بغیر کوئی ٹیکس ادا کیے کنڈے کی بجلی سے منافع بخش کاروبار کیا جاسکتا ہے ۔

کے ایم سی اور ٹاؤن کے محکمہ انسداد تجاوزات میں طویل عرصہ سے تعینات افسران عدالتی فیصلوں، وزیر اعلیٰ و چیف سیکریٹری سندھ کے احکامات ملحوظِ خاطر رکھنے کو تیار نہیں ہیں جس کا خمیازہ شہری بھگت رہے ہیں۔

علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ایک ہفتہ قبل کے ایم سی محکمہ تجاوزات کے عملے نے یوپی موڑ تا ناگن چورنگی چند دکانوں کے باہر سے سامان ضبط کیا تھا۔

تجاوزات کے خلاف آپریشن کے نام پر کی جانے والی اس کارروائی کے صرف چارگھنٹے بعد ہی معاملات طے کرکے ضبط کیا گیا سامان شکریہ کے ساتھ واپس کردیا گیا۔

شہریوں کا اعلیٰ حکام سے مطالبہ ہے تجاوزات مافیا سے گہرے مراسم رکھنے والے طویل عرصہ سے ایک ہی زون میں تعینات افسران و اہلکاروں کا تبادلہ کرکے ایسے عملے کو تعینات کیا جائے جن کا مافیا سے تعلق نہ ہو تاکہ تجاوزات کا خاتمہ ممکن ہوسکے اور شہری سکھ کا سانس لیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں